وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

75
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا، الصفا پیلس آمد پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے دیگر اراکین کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور اور کابینہ کے دیگر ارکان شریک تھے جبکہ سعودی عرب کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افطارڈنر کے موقع پر دو طرفہ امور اور پاکستان میں معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اوردونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر کل مکہ مکرمہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عشا کی نماز اور نوافل ادا کیے اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کی سعادت بھی حاصل کی تھی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے اور وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.