کراچی(کلچرل رپورٹر)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے کیریئر کے عین عروج پر شوبز چھوڑنے کی وجہ اپنی جوان خالہ کا انتقال بتائی۔
سارہ چوہدری نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے سے متعلق کُھل کر بات کی۔
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ میں نے سال 2002 میں شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور چند ہی سالوں میں شہرت کی بلندی پر پہنچ گئی تھی لیکن میں نے اپنے کیریئر کے عروج پر سال 2010 کے اوائل میں شوبز سے ہمیشہ کے لیے دوری اختیار کرلی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے والدین کا دین کی طرف کافی رجحان تھا، ہمارے گھر میں نماز و قرآن پاک پڑھنے پر بہت زور دیا جاتا تھا، میں جب شوٹنگ سے واپس گھر آتی تھی تو میرے والد صاحب سب سے پہلے مجھ سے پوچھتے تھے کہ کتنی نمازیں پڑھیں؟۔