احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے والے چہرے بے نقاب

6

اداریہ

ملک میں احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں ،تخریب کاروں کے چہرے بے نقاب ہوئے ہیں ،انکے خلاف مقدمات درج کرنے کے بعد قانونی کارروائی ہونی چاہئے ۔تباہی مچانے کی سازش ناکام ہوئی ہے ،اس تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔مریم نواز نے اسلام آباد میں مشتعل مظاہرین کے تشدد سے کانسٹیبل کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں منہ توڑ جواب ملے گا، تحریک انتشار مسلح جتھے کی شکل اختیار کرچکی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ دوسروں کو اذیت دینا، عوام کے جان ومال کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنا کونسی سیاست ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا تشدد اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔دوسری طرف پنجاب کی سینیئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ کانسٹیبل عبدالحمیدکی شہادت کا ذمہ دار 9 مئی کا مجرم اور فاشسٹ شخص ہے۔ان کا کہناتھا کہ جس شخص کی سوچ یہ ہے کہ وہ نہیں تو کچھ بھی نہیں، پاکستان پرایٹم بم گرادو، یہ سوچ قابل مذمت ہے۔ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے منصوبے کی ناکامی پر حکام کو ان کردار پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔قوم کو ایسے دشمنوں کی چالوں سے آگاہ رکھنا بھی ریاست کی ذمے داری ہے تاکہ عوام ان عناصر کی سازشوں کو خاک میں ملانے کے لیے حکومت سے تعاون کریں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.