شدید گرمی کی لہر، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

58
شدید گرمی کی لہر، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
ملک کے اکثر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے دوران آئندہ ہفتے صوبہ سندھ میں ’ہیت ویو‘ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو شدید گرمی کی لہریں اپنی لپیٹ میں لیے رکھے گی۔

آج پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے بھی آئندہ ہفتے کے دوران صوبے میں سخت گرمی جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے صوبے میں 21 مئی سے 23 مئی تک ’ہیت ویو‘ الرٹ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ اگلے 10 دنوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو شدید گرمی کی لہریں اپنی لپیٹ میں لے لیں گی، اس کے علاوہ محکمے نے ملک کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان، گرج چمک اور تیز بارشوں کی پیشگوئی بھی کی تھی۔

محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں انتباہ دیا تھا کہ بالائی فضا میں ہائی پریشر کی موجودگی کے نتیجے میں ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں 21 مئی تک ہیٹ ویو جیسی صورتحال اور 23 سے 27 مئی تک شدید ہیٹ ویو ہوگی۔

سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی تک دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی تک 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ایڈوائزری میں حکام سے کہا گیا کہ وہ الرٹ رہیں اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں مزید کہا گیا تھا کہ 16 مئی کو شام اور رات کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔

تبصرے بند ہیں.