ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق بڑی خبر آگئی
جون میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کے عبوری اسکواڈ دینے کیلئے یکم مئی کی تاریخ ہے لیکن حتمی اسکواڈ کا اعلان 25 مئی تک کیا جاسکتا ہے اور پی سی بی اس ہی تاریخ کے آس پاس ورلڈکپ کے اسکواڈ کا اعلان کرنےکا ارادہ رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کو آئرلینڈ میں ہونیوالے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد 23 یا 24 مئی کو اسکواڈ کے اعلان کا امکان ہے۔
دوسری جانب دورہ آئرلینڈ کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان اگلے ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے۔
ٹیم میں حارث رؤف کی واپسی ہوسکتی ہے تاہم ان پر پی سی بی کو حتمی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ اعظم خان، محمد رضوان اور عرفان نیازی کی فٹنس پر بھی رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ پلیئرز کے ورک لوڈ منیجمنٹ کا پلان ترتیب دیا جاسکے۔
دوسری جانب قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ورلڈکپ اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں نے امریکی سفارتخانے پہنچ کر امریکی سفیر سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ویزا اجرا کےلیے امریکن ایمبیسی میں کھلاڑیوں کی بایومیٹرک بھی مکمل کرلی گئی۔
پی سی بی نے امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے30 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزاکی درخواستیں دی تھیں، ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےممکنہ کھلاڑیوں،ٹیم منیجمنٹ کویکم مئی تک پاسپورٹ واپس مل جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمدیوسف اور وہاب ریاض بھی کھلاڑیوں کے ساتھ امریکی سفارتخانے پہنچے۔
قومی کھلاڑیوں نے امریکن ایمبیسی میں کرکٹ ایکٹیویٹی میں بھی حصہ لیا جب کہ اسلام آباد میں بارش کے باعث کرکٹ ایکٹیویٹی آؤٹ ڈور سے انڈور منتقل کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی نے امریکی سفیر کو بولنگ کروائی جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے امریکی سفیر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرٹ پیش کی گئی، کھلاڑیوں نے امریکی سفیر اور امریکن ایمبیسی کے ملازمین کے ساتھ تصویریں بھی لیں۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے امریکی سفیر کے ساتھ لنچ بھی کیا جب کہ امریکی سفیر نے قومی کھلاڑیوں سے بیٹ پر آٹوگراف لیے۔
تبصرے بند ہیں.