بجلی کے بھاری بِلوں کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب
بجلی کے بھاری بِلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔
اس معاملے سے متعلق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجلی کے بھاری بِلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارتِ بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا ہے کہ صارفین کو بجلی کے بِلوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالا اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔