قائم مقام صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کی یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس دن ہم نے کامیابی سے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جوہری قوت کے حامل ملکوں کی صف میں شامل ہوگئے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کی استقامت غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار جوہری طاقت کی حامل ریاست کے طور پر پاکستان تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں یوم تکبیر کی سالگرہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن تمام قومی طاقتوں کی مشترکہ کوشش کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس دن پوری قوم نے عہد کیا کہ ملکی دفاع کے لئے کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔وزیراعظم نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور سائنسدانوں کو بھی پاکستان کے جوہری پروگرام کو شروع کرنے اور جاری رکھنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج یہ شاندار کارنامہ انجام دینے پر ان تمام افراد کی مخلصانہ قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش
کرتی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادر وطن کے دفاع اس کی خودمختاری علاقائی یکجہتی اور کسی بھی قیمت پر قوم کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.