کوٹ ادو؛ مسافر بس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق

25
کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید پر مسافر وین کے حادثے میں ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے
کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید پر مسافر وین کے حادثے میں ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوٹ ادو میں ایم ایم روڈ محمد والا کے قریب مسافر وین اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کے کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال چوک سرور شہید منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد 3 خاتون 2 بچے اور ایک بچی شامل ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مسافر وین میں سوار افراد کا تعلق ملتان کی بستی لاڑ اور ایک ہی خاندان سے تھا، وہ ملتان سے بھکر اپنے رشتے داروں سے ملاقات کیلیے جارہے تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوٹ ادو میں ملتان میانوالی روڈ پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

دوسری جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی ٹریفک حادثے میں 11 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرنے کے ساتھ ساتھ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

تبصرے بند ہیں.