صدر مملکت اور وزیراعظم کا ایرانی صدرکی اندوہناک موت پرافسوس کا اظہار

40
صدر مملکت اور وزیراعظم کا ایرانی صدرکی اندوہناک موت پرافسوس کا اظہار
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی اندوہناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے صدر رئیسی کی طرف سے اتحادِ امت کیلئے بہترین کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلم اُمہ کیلئے ان کی شاندار خدمات پر انہیں خراج…

صدر اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں لقمہ ٔ اجل بننے والے دیگر افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر رئیسی کی طرف سے اتحادِ امت کیلئے بہترین کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلم اُمہ کیلئے ان کی شاندار خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا ایک قابل ذکر رہنما سے محروم ہو گئی ہے جنہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے موقف کی نہ صرف حمایت کی بلکہ دنیا بھر میں مسلمانوں خاص طور پر فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حالت زار پر رنجیدہ بھی ہوئے۔

صدر نے رئیسی کی وفات کو نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے عظیم نقصان قرار دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ پاکستان کے اچھے دوست تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس حادثے پر یوم سوگ منائے گا اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

شہباز شریف نے کہاکہ ایران کی عظیم قوم اس اندوہناک حادثے پر جرأت کا مظاہرہ کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.