بجلی اور روٹی کی قیمتوں میں بڑی کمی، آزاد کشمیر کا مسئلہ حل

39
وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو رہا ہے
وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دے دی جس کے بعد بجلی اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں آزاد کشمیر حکومت، وزارت داخلہ کے نمائندے اور دیگر اہم حکام شریک ہوئے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں آزاد کشمیر حکومت، وزارت داخلہ کے نمائندے اور دیگر اہم حکام شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی وزیرکشمیر امور امیرمقام، وزیر توانائی، وزیر فوڈ سیکیورٹی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران شہبازشریف کو آزاد کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

بعد ازاں محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ جبکہ 300 یونٹ کمرشل بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہوگی، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے جبکہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہو گی، 300 سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کشمیر کو 23 ارب روپے کے پیکج کے اعلان کے بعد آٹا سبسڈی پر بھی عملدرآمد شروع ہوگیا، محکمہ خوراک آزاد کشمیر نے 40 کلو گرام آٹے کے موجود نرخ 3100 میں 1100 روپے کی کمی کر دی، آزاد کشمیر میں 20 کلو گرام آٹا اب ایک ہزار روپے میں دستیاب ہے، 40 کلو گرام آٹا 2 ہزار میں دستیاب ہوگا، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 40 کلو آٹے پر 1100 روپے کی کمی کردی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔

مذاکرات ناکام

دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت کے متحدہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ راولاکوٹ میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

چئیر مین متحدہ ایکشن کمیٹی شوکت نوز میر کا کہنا ہے کہ ہمارے 3 مطالبات ہیں سستا آٹا، بجلی میں مکمل ریلیف دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا تیسرا مطالبہ اشرافیہ سے مراعات کی واپسی ہے،جب تک یہ تینوں مطالبات حکومت منظور نہیں کرتی ہڑتال جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مطالبات کو منظور کرکے نوٹیفیکیشن جاری کرے، ہمارا احتجاج پُرامن ہے اسے سبوتاز ہرگز نہیں ہونے دیا جائےگا۔

مزاکرات ناکام ہونے کے بعد راولاکوٹ اور دیگر مقامات سے قافلے مظفرآباد کی جانب رواں دواں ہے۔

آزاد کشمیر میں لانگ مارچ کے شرکا راولا کوٹ پہنچ گئے

آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر لانگ مارچ کے شرکا راولاکوٹ پہنچ گئے ہیں، مارچ کے شرکا مظفرآباد کی طرف جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

ضلع میں آج بھی تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر بھی آج بند رکھے جائیں گے، پونچھ، باغ اور جہلم ویلی سمیت پوری وادی کشمیر میں مسلسل چار روز سے معمولات زندگی مفلوج ہے، کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا ہوگئی۔

میڈیکل اسٹورز بھی بند ہیں، مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، آزادکشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ مزیددو روز بندکرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پس منظر

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے جاری احتجاج اور ہڑتال کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کردی تھی۔

جمعرات کو چھاپوں کے دوران کم از کم 70 افراد کی گرفتاری کے بعد جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ہڑتال اور احتجاج کے باعث آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند تھے۔

جمعے اور ہفتے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے دوران جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 90 دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.