محمد عامر کو آئرلینڈ کے ویزے کی منظوری دیدی گئی، جلد روانگی کا امکان

45
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے دورہ آئرلینڈ کے لیے ویزے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر کو کلیئرنس دیے جانے پر ویزے کی منظوری دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عامر کی فوری ڈبلن روانگی کے انتظامات کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ویزے کی منظوری نہ ہونے کی و جہ سے محمد عامر قومی ٹیم کے ہمراہ ڈبلن روانہ نہیں ہوسکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے ویزے کے اجراء میں تاخیر کے معاملے کو اٹھایا تھا، پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے فاسٹ بولر کے ویزے کے حوالے سے کرکٹ آئر لینڈ سے بھی بات کی تھی۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد عامر کے ویزے میں تاخیر کے معاملے پر خود ایکشن لیا تھا۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ چکی ہے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔

آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔

انگلینڈ اور قومی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے یہ میچ 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.