9 مئی کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، آرمی چیف

39
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، خود کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماؤں کو حساب دینا پڑے گا۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا کمزوری…

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سپہ سالار نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی قوم کے لیے خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب میں آرمی چیف نے واضح کیا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ ’اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے ہی شک کا فائدہ دیا چکا ہے، خود کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماؤں کو حساب دینا پڑے گا۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا کمزوری نہ سمجھاجائے، صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔

سپہ سالار کا مزید کہنا تھا دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ’ڈیجیٹل ٹیریزم‘ کر رہے ہیں، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.