کراچی یونیورسٹی ایرانی صدر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند سے نوازے گی

116
 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی
گورنر سندھ کی سفارش پر جامعۂ کراچی نے دورہ ٔپاکستان کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کی منظوری کے لیے اجلاس طلب کرلیا۔

جامعۂ کراچی نے ایرانی صدر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی سفارش سندھ کی سرکاری جامعات کے چانسلر اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے بحیثیت چانسلر کی گئی اور اس سلسلے میں جامعہ کراچی کو گورنر سندھ کی جانب سے باقاعدہ خط بھی موصول ہوگیا۔

ایک روز قبل گورنر سندھجا نے اس سلسلے میں اپنے دفتر میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے ساتھ ایک اجلاس بھی کیا تھا۔ خط کی موصولی کے بعد جامعہ کراچی نے ایرانی صدر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند تفویض کرنے کے سلسلے میں اپنی سینڈیکیٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر 23 اپریل کو کراچی آرہے ہیں اور اس موقع پر اسی روز گورنر ہائوس سندھ میں “خصوصی جلسہ تقسیم اسناد” special Convocation کے انعقاد کا امکان ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا کہنا ہے کہ سینڈیکیٹ کا ہنگامی اجلاس ہفتے کے روز دوپہر 3 بجے بلایا گیا ہے اس سلسلے میں اراکین سینڈیکیٹ کو یک نکاتی ایجنڈا جاری کیا جارہا ہے اور سینڈیکیٹ کی منظوری کے بعد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو بدست چانسلر/گورنر سندھ ایچ ڈی کی اعزازی سندعطا کی جائے گی۔

واضح رہے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا پاکستان کا حالیہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہ پہلے سربراہ مملکت ہیں جو موجودہ ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جبکہ یہ دورہ ایران کے اسرائیل پر براہ راست حملے کے کچھ ہی روز بعد ہورہا ہے اور ایرانی صدر اسرائیل پر براہ راست حملے کے بعد پہلی بار کسی غیر ملکی دورے پر پاکستان آرہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.