شوال کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں عیدالفطر کل ہوگی

63

اسلام آباد : مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، بدھ کو پاکستان بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔
کراچی، خیبر، کوہلو، لورالائی، جیونی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مردان سے چاند دیکھنے کی 6 اور کراچی سے 4 شہادتیں موصول ہوئیں۔
لاہور میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اوکاڑہ سے احمد نامی شہری نے چاند دیکھنے کی شہادت دی، شیخوپورہ کے صہیب نے اہلخانہ کے ہمراہ چاند دیکھا، زونل کمیٹی کراچی کو چاند دیکھنے کی 10 شہادتیں موصول ہوئیں، پشاور کمیٹی کو چاند نظر آنے کی 60 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین شریک ہوئے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں، اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ 10 اپریل 2024ء بروز بدھ کو انشا اللہ عیدالفطر کا دن ہو گا۔
انہوں نے عوام کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زونل کمیٹیوں اور ذمہ داروں نے آنے والے لوگوں کی شہادتوں کو دیکھا اور پھر اس کے بعد فیصلہ ہمیں پہنچایا جو میں نے آپ کے سامنے رکھا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ نے ایک عید پرعالم اسلام کو اکٹھا کر دیا ہے، آج کی رات بڑی مبارک رات ہے، پاکستان اللہ کی نعمت ہے، عوام، افواج سمیت سب نے ملکر آگے بڑھنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.