13 اور 14 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

15
محکمہ موسمیات نے 13اور14اپریل کوکراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا
محکمہ موسمیات نے 13اور14اپریل کوکراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق ملک میں مغرب کی جانب سے یکے بعد دیگرے دوسسٹم داخل ہوں گے،مغربی ہواؤں کا پہلا نیا سلسلہ 10اپریل کو ملک میں داخل ہوگا جبکہ دوسرا مغربی سلسلہ 12اپریل کو داخل ہوگا جو 15اپریل تک برقراررہےگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوسرے مغربی سلسلے کے تحت 13 اور14اپریل کوکراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران شہرمیں آندھی اورہواؤں کےجھکڑبھی چل سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع سکھر،جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبرشہدادکوٹ اورسانگھڑمیں بھی تیزہواؤں اورآندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر نے اگلے2سے3روزکے دوران صوبہ سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، اس دوران کہیں پر درجہ حرارت 42 ڈگری اور کہیں 39 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

کراچی میں 3 روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، دوپہرکے وقت سمندری ہوائیں بدستورغیرفعال رہ سکتی ہیں جبکہ شام کے وقت سمندر کی ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ پارہ 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ دیہی سندھ کے علاقے شہید بے نظیرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

تبصرے بند ہیں.