شاہد خاقان عباسی کا نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع

13
شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت رجسٹر کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

شاہد خاقان عباسی الیکشن کمیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔ انہوں نے درخواست کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی جمع کرادیں۔

شاہد خاقان عباسی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ دستاویز فراہم کردی ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق سیاسی جماعت رجسٹر کروارہے ہیں، آئندہ انتخابات میں نئی سیاسی جماعت کے تحت الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ یکم فروری 2023 کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کو ’اوپن فیلڈ‘ ملنی چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ میں نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ جب مریم نواز چیف آرگنائزر بنی تو پارٹی کے صدر شہباز شریف کو دے دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.