کراچی کی طرز پر سندھ میں بھی اختیارات دیے جائیں، ڈی جی رینجرز

15
سندھ میں بڑی پیش رفت
ڈی جی رینجرز نے سندھ ہائیکورٹ میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں کراچی کی طرز پر اندرون سندھ میں بھی اختیارات مانگ لیے۔

آج ہفتے کو سندھ ہائیکورٹ میں امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی رینجرز نے کراچی کی طرز پر اندرون سندھ میں بھی اختیارات مانگ لیے۔

ڈی جی رینجرز نے کہا رینجرز کو کراچی کی طرز پر اندرون سندھ میں بھی اختیارات دیے جائیں، کراچی میں دہشت گردی کے خلاف جو اختیارات ملے تھے وہی دیے جائیں۔

امن و امان سے متعلق اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا ایک ماہ میں امن و امان یقینی بنایا جائے، چیف جسٹس نے حکام کو ہدایت کی کہ کوئی کتنا طاقت ور کیوں نہ ہو،

اس کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے، امن و امان خراب کرنے والے جتنے بھی طاقت ور ہوں انجام تک پہنچایا جائے، چیف جسٹس نے 15 دن میں امن و امان سے متعلق رپورٹس طلب کیں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا سندھ ہائیکورٹ میں امن وامان اجلاس کا 3 نکاتی ایجنڈا تھا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، سیف سٹی اور کچے کے ڈاکوؤں کا مسئلہ، ان مسائل پر چیف جسٹس نے بریفنگ لی اور ہدایات جاری کیں۔

انھوں نے کہا عدالتی احکامات پر جو عمل درآمد ہوا اس پر بھی بریفنگ دی گئی، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز روکنے کے لیے گشت بڑھانے پر بات ہوئی، فوجداری نظام انصاف میں کئی چیزوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،

اجلاس میں تفتیش کے حوالے سے اہم نکات پر گفتگو کی گئی، اجلاس میں ہم نے اپنی گزارشات رکھیں اور تجاویز دیں، یقینی بنایا جائے گا کہ جھوٹے مقدمات نہیں بنیں، اس طرح بوجھ بھی کم ہوگا۔

 

تبصرے بند ہیں.