وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کا کراچی میں مزید بسیں چلانے کا اعلان

30

کراچی(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے عید کے بعد کراچی میں مزید روٹس پر بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف زرداری نے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر پر فوکس کرنے کی ہدایت کی ہے، کراچی میں پنک بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا، گرین بسیں چلنا شروع ہوچکی ہیں جب کہ کچھ نئی بسیں آئی ہیں وہ بھی جلد سڑکوں پر آئیں گی، عید کے بعد الیکٹرک بسوں کے دو نئے روٹس بھی شروع ہوں گے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے عید کے بعد میرپورخاص میں بھی پیپلز بس سروس شروع کرنے اور کراچی کے 2 روٹس پر 18 اپریل سے کارڈ سسٹم متعارف کروانے کا اعلان بھی کیا۔

شرجیل میمن نے ریڈ لائن منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے باعث ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام متاثر ہواجب کہ نگران حکومت نے ریڈ لائن بی آر ٹی پر توجہ نہیں دی۔

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں پیپلز بس سروس شروع ہوگی اور 500 نئی بسیں خریدی جائیں گی، چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے بہترین اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں، عوام کے لیے جتنی بھی خوشخبریاں دی ہیں ان پر من و عن عمل ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.