ایس آئی ایف سی کی کامیابی نے ناقدین کے منہ بند کردیے: وزیراعظم

42
شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا دسواں اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی کامیابی نے ناقدین کے منہ بند کر دیے ہیں، صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کےلیے…

اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیر اطلاعات ، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، وزیردفاع، وزیر منصوبہ بندی، وزارت تجارت، وزیر قانون و انصاف، وزیر آبی وسائل اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ عرب امارات کے موقع پر 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے بارے میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور غیر ملکی سرمایہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں دوست ممالک کی سرمایہ کاری پر رپورٹ پیش کی گئی اور داخلی سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اینٹی اسمگلنگ پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، چاروں صوبے ایس آئی ایف سی پر اعتماد کرتے ہیں سعودیہ اور یو اے ای یکسو ہیں کہ تمام سرمایہ کاری ایف آئی سی ایف کے ذریعے ہی ہوگی، ایف بی آر کی ڈیجیٹیلائزیشن کے لیے غیر ملکی فرم کو ہائر کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے حوالے سے فوجی اور سول افسران مل کر کام کررہے ہیں، جرمن سرمایہ کاروں نے بھی ایس آئی ایف سی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم بہت جلد اپنے اہداف کو حاصل کرلیں گے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ہمارا دورہ سعودیہ عرب اور یو اے ای کامیاب رہا ہے، عسکری قیادت نے ملکی سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا، وقت کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی اہمیت نے ناقدین کے منہ پر تالا لگادیا، تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.