جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سربراہ آسٹریلوی دفاعی فورسز کی ملاقات، علاقائی اور عالمی سلامتی کے چیلنجز پر بات چیت

38
آسٹریلوی دفاعی فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کر رہے ہیں
آسٹریلوی دفاعی فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آسٹریلوی دفاعی فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق آسٹریلوی دفاعی فورسز کے سربراہ پاکستان اور آسٹریلیا کے دفاعی اور سیکیورٹی مذاکرات کے 13ویں راؤنڈ اور 1.5 ٹریک سیکیورٹی ڈائیلاگ کے 10ویں دور کے لیے پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی سلامتی کے چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ دونوں اطراف سے سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آسٹریلوی جنرل نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو بھی سراہا۔

قبل ازیں جنرل اینگس جے کیمبل کے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تبصرے بند ہیں.