ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے پر پاکستان میں سوگ کا اعلان

24
ابراہیم رئیسی
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے ابراہیم رئیسی کی موت پر اظہار تعزیت پیش کیا۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد ہم پُر امید تھے کہ کوئی اچھی خبر موصول ہوگی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوسکا، جس پر ہمیں دل کی گہرائیوں سے افسردہ ہیں۔

انہوں نے دعا گو ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ و ایرانی قومی کو اس سانحے پر صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم ابراہیم رئیسی کے گزشتہ ماہ پاکستانی دورے کو یاد کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریباً ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ابراہیم رئیسی کی موت کے بعد ایرانی صدر کی ذمہ داریاں اب کون سنبھالے گا؟

انہوں نے ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، اس دُکھ کی گھڑی میں برادر ملک ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آج ملک بھر میں ایرانی صدر و وزیر خارجہ کی وفات پر یوم سوگ منایا جائے گا اور شہدا کے احترام میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.