ایرانی صدر ابراہیم رئیسی رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

68
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی
پاک ایران تعلقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت ایران کے صدر ابراہیم رئیسی چند روز بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوں گے جو موجودہ پاکستانی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو وفد کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے، ایرانی صدرکے دورہ پاکستان کیلئے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بنیادی امور طے پا چکے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر دورہ پاکستان میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دو طرفہ امور اور پاک ایران گیس پائپ لائن سمیت مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران نے جنوری 2024 میں پاکستان کے صوبے بلوچستان کے سرحدی علاقے میں میزائل حملے کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی ایران کے صوبے سیستان میں بی ایل اے کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

تاہم دونوں جانب سے سفارتی چینل کے ذریعے معاملات کو خوش اصلوبی سے حل کیا گیا اور اس واقعے کے فوری بعد ایران کے وزیر خارجہ امیر عبد الہیان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.