ایف ڈبلیو او ٹیم لینڈ سلائیڈ کی زد میں آ گئی
لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں نائب صوبیدار خالد شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جب کہ 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب گونر فارم کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی تھی، متاثرہ ٹریفک اور پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی ٹیم نائب صوبیدار خالد کی سربراہی میں بھیجی گئی۔
اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر کلیئرنس کا کام شروع کر دیا، کلیئرنس کے عمل کے دوران ہی ایک اور لینڈ سلائیڈ گرنے سے ٹیم زد میں آئی اور کام کرنے والے اہلکار زخمی ہوئے، جن میں نائب صوبیدار خالد شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جب کہ سیپر (Sapper) وسیم اور لانس نائیک عظمت شدید زخمی ہوئے، جن کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج تمام تر مشکلات کے باوجود قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔
تبصرے بند ہیں.