پاک -سعودی تجارتی تعلقات کے فروغ سے ترقی کے سفر کا آغاز
اداریہ
پاک سعودی تجارت کو فروغ دینے کے لئے اہم پیشرفت ہوئی ہے ،سعودی تجارتی وفود کے دورے اور انکی وزیراعظم و آرمی چیف سے ملاقاتوں سے باہمی اعتماد کا ماحول بنا جس پر اب سرمایہ کاری کے نئے معاہدے ہوئے ہیں ۔اس حوالے سے ابھی سعودی وزیر سرمایہ کاری نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہےکہ سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے ُٗ۔5 یادداشتوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا، سعودی سرمایہ کار نے میڈیکل کمپلیکس کیلئے زمین حاصل کر لی،وزیر اعظم شہباز شریف کا اس بارے میں کہنا تھاکہ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، جس سے مجھے خطاب کا موقع ملا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ گزشتہ روز انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، سعودی عرب سےسمجھوتوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی عمل شروع ہوچکا، پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اس بات کا اعادہ ہوا کہ وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلیے بہت فکر مند ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں انتہائی قیمتی تعاون کرنے پر ولی عہد کا شکریہ اداکیا جس کے بغیر ہم آئی ایم ایف پروگرام حاصل نہیں کرسکتے تھے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہے اور اس کے بعد پاکستان سخت محنت اور برادر ملک سعودی عرب کا ہاتھ تھام کر معاشی ترقی اورخوشحالی کی طرف گامزن ہوگا، گزشتہ رات ہونے والی ملاقات سے انتہائی تسلی بخش آغاز ہوا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہفتے قبل اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل کچھ منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ وہ آئندہ ماہ کے وسط میں دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے لیے انتہائی مفید معاہدوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے 25 لاکھ پاکستانیوں کی شاندار میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انشااللہ پاکستان سعودی عرب کے لیے مزید ہنر مند تیار کریں گے جو سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام میں اپنا بڑا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور ان کے وفد کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، شہبازشریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی۔سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہاکہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، شہبازشریف نے فیوچرانویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کی، شہبازشریف نے کانفرنس سے خطاب میں حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا،سعودی وزیر نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہےہیں۔ دورہ پاکستان میں 27مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کےتحت2.2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پراتفاق ہوا۔بلاشبہ پاکستان زرخیز زرعی زمین، متحرک آبادی اور وسیع معدنیات سے مالا مال ہے۔پاکستان آئی ٹی سیکٹر میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ مسلسل کوششوں کے بعد پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ان حالات میں پاک -سعودی تجارتی تعلقات کے فروغ سے پاکستان کو مالیاتی فوائد حاصل ہونگے جو ملکی معیشت کو استحکام دینے کا باعث بن کر عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہیں کھولیں گے ۔