گاڑیوں کی رفتار کم کروانے کیلئے سڑک پر الجھی ہوئی لکیریں کھینچ دی گئیں
فرانس کے مغربی علاقے کے ایک چھوٹے قصبے میں مصروف انٹرسیکشن روڈ پر سفید لکیریں بنا دی گئی ہیں تاکہ کار سوار الجھ جائیں اور رفتار ہلکی کردیں۔
بون نامی قصبے میں صرف 1700 افراد رہتے ہیں لیکن اسے روزانہ بھاری ٹریفک کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ دو بڑی شاہراہوں ڈی 74 اور ڈی 82 کے درمیان واقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بون سے روزانہ 2300 گاڑیاں گزرتی ہیں جن کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔
ٹاؤن انٹرسیکشن پر واضح لکھا ہوا ہے کہ رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے لیکن ڈرائیور اس پر عمل نہیں کرتے۔
مقامی حکام نے گاڑیوں کی رفتار کم کرنے کا حل یہ نکالا کہ سڑک پر مختلف سفید رنگ کی لکیریں کھینچ دیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حکمت عملی نے کام دکھا دیا اور اب انٹرسیکشن پر آنے والی گاڑیاں مختلف سفید لکیریں دیکھ کر الجھ جاتی ہیں کہ کس طرف کو جانا ہے، کس طرف رکنا ہے اور وہ اپنی رفتار کم کر دیتی ہیں۔