پاکستان لٹریری سوسائٹی کا تفریحی و مطالعاتی دورہ

تحریر۔۔۔ اشفاق نیاز سیالکوٹ

7

پاکستان لٹریری سوسائٹی کے عہدیداران نے گزشتہ روز ضلع سیالکوٹ میں جموں پہاڑوں کے دامن ميں واقع علاقہ بجوات گدیال پوسٹ ، پھوکلیان ، چک سانتل اور گاؤں سکھیال وغیرہ کا تفصیلی دورہ کیا۔پی۔ ایل۔ ایس بجوات کے صدر ،معروف ماہر تعلیم ،ماسٹر ٹرینر انگلش سبجیکٹ جناب مدثر سیٹھی کی خصوصی دعوت پر اشفاق نیاز مرکزی صدر ، ایم عابد ایڈوکیٹ مرکزی جنرل سیکرٹری ، پروفیسر ایم ارشد مرکزی نائب صدر اور احسن علی احسن فوکل پرسن و فنانس سیکرٹری جب علاقہ بجوات پہنچے تو وہاں پر جناب مدثر سیٹھی نے اپنے دوستوں بلال غفور لیکچرار بائیو ،مدثر مغل لیکچرار فزکس، چوہدری مدثر انصاری سپرنٹنڈنٹ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجن سیالکوٹ کے ہمراہ بھرپور استقبال کیا۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ ضلع کے شمال مغرب میں ”بجوات” کا جنگلی حفاظتی علاقہ ہے جو دریائے چناب اور اس کے معاون توی دریا کے درمیان واقع ہے۔یہاں کی سرزمین بہت زرخیز ہے اور اسی وجہ سے یہاں بہت سارے باغات اور سر سبز و شاداب کھیت موجود ہیں ۔بجوات میں داخل ہوتے ہی ان خوبصورت مناظر کا یہ سلسلہ شروع ہوتا ہے اور زیرو لائن تک چلتا ہے۔ بجوات داخل ہوتے ہی مدثر سیٹھی صاحب نے اپنے والد محترم جناب منیر حسین ، فیملی ممبران اور دوست احباب سے تعارف کروایا اور اس کے بعد ان کے ساتھ گاڑی پر بیٹھ کر جسے پروفیسر محمد ارشد صاحب ڈرائیو کر رہے تھے سیدھا گدیال پوسٹ پہنچے جہاں آرمی کے جوانوں سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی عمدہ مثال ہیں ۔بلا شبہ ان کی قربانیاں اور فوجی جوانوں کی جرات و بہادری ہماری پہچان اور فخر ہیں ، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں ،جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں، تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پوسٹ گدیاں کا نام قریبی گاؤں گدیاں کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس کے بالمقابل انڈین پوسٹ راج پور پنڈی ہے۔ پوسٹ گدیال کے بائیں جانب پوسٹ نور زمان شہید اور دائیں جانب پوسٹ جنگلورہ ہے ۔پوسٹ گدیال ورکنگ باؤنڈری میں سٹیل ٹاور بھی ہے۔نومبر 2006ء میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز ( پنجاب ) میجر جنرل حسین مہدی ( ہلال امتیاز ملٹری ) نے اس کی تعمیر نو کا حکم دیا۔ 1 ونگ کمانڈر لفٹیننٹ کرنل محمود احمد کی زیر قیادت تعمیر کے مراحل کامیابی سے طے کرتے ہوئے فروری 2007 ء کو مکمل کی گئی ۔ یہ پوسٹ تحصیل و ضلع سیالکوٹ میں آتی ہے اس کے سامنے جموں کا علاقہ ہے۔وہاں سے فارغ ہونے کے بعد پاکستان لٹریری سوسائٹی کے ممبران کو گاؤں گدیال کی معروف شخصیت میاں رفیق منظور کے ڈیرے پر لے جایا گیا جہاں پر انہوں نے چائے وغیرہ سے خوب تواضع کی ۔ میاں رفیق منظور نے بجوات کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی اور پاک فوج کے ساتھ ساتھ عوام کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ یہاں سے اٹھنے کے بعد مدثر سیٹی صاحب ہمیں اپنے گاؤں کی طرف لے گئے جہاں انہوں نے اپنی زمینیں ، وہاں کی پیداوار اور مختلف باغات بھی دکھائے ۔ انہوں نے کمیونٹی سینٹر سے سمیت اپنا ڈیرہ بھی وزٹ کروایا ۔ دوپہر کا کھانا جناب مدثر سیٹھی صاحب کی رہائش گاہ پر دوستوں کے ہمراہ کھایا ،انہوں نے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا تھا جس سے تمام دوست خوب لطف اندوز ہوئے ۔پاکستان لٹریری سوسائٹی کے ممبران نے وہاں کے مختلف بازاروں ، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر علاقہ کی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کی۔
سہ پہر کے بعد جناب مدثر سیٹھی صاحب ہمیں بارڈر کے قریب گاؤں سکھیال لے گئے ۔ جہاں ہماری ملاقات علاقہ کی معروف علمی، ادبی شخصیت شاعر بجوات ،سفیر بجوات جناب میاں شمس الدین سے ہوئی وہاں ان کے ڈیرے پر تمام دوستوں نے خوب انجوائے کیا جہاں گرم گرم قہوے سے ان کی تواضح بھی کی گئی ۔اس کے بعد میاں شمس الدین صاحب نے اپنے ڈیرے سے ملحقہ باغات اور کھیتوں کا وزٹ بھی کروایا جہاں طرح طرح کے پھل اور مختلف قسم کی سبزیاں اگائی گئی تھیں ۔ شام کا وقت بھی ہو چکا تھا اور پھر میاں شمس الدین شاعر بجوات نے اپنے خوبصورت پنجابی کلام سے محفل کو خوب گرمایا۔ یوں شام کے بعد پاکستان لٹریری سوسائٹی کے ممبران نے سیالکوٹ کا رخ کیا اور تقریبا ساڑھے آٹھ بجے کے قریب سیالکوٹ اپنے اپنے گھروں کو پہنچے ۔بلا شبہ اس تفریحی و مطالعاتی دورے کا تمام تر کریڈٹ ہمارے بہت ہی پیارے مخلص، ہمدرد،یاروں کے یار جناب ایم عابد ایڈوکیٹ کو جاتا ہے جن کی بدولت بجوات کا یہ یادگار سفر اور دورہ میسر آیا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.