پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 26 برس بیت گئے

16
پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 26 برس بیت گئے
پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 26 برس بیت گئے، بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا اعلان کیا ، آج اُسی عظیم کامیابی کی یاد میں یوم تکبیر منایا جارہا ہے۔

28 مئی 1998 کے دن چاغی کے مقام پر زمین اچانک ارتعاش میں آگئی، ریکٹر اسکیل پر 5.0 شدت کا زلزلہ آیا لیکن اس کی ہیبت نے پڑوسی ملک کے غرور کا پہاڑ گرا دیا۔

چاغی کے پہاڑوں سے ریت دھواں بن کر اڑنے لگی اور سرمئی پہاڑ سنہری رنگ کے ہوگئے اور اس کی وجہ پاکستان کے یکے بعد دیگرے 5 ایٹمی دھماکے تھے۔

پاکستان نے 28 مئی کو 5 جبکہ 30 مئی کو چھٹا ایٹمی دھماکہ کرکے دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی جوہری قوت کا اعلان کیا تو دھمکی آمیز لہجوں کی عادی بھارتی حکمرانوں کی زبان نے بھی اعتدال کا ذائقہ چکھ لیا۔

پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کے لیے امریکی دباؤ کام آیا نہ ملکی دفاع کا عزم عالمی پابندیوں کے خوف کے جال میں جکڑا جاسکا۔

پاکستان نے اپنے ناقابل تسخیر دفاع کا ثبوت دے کر جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بھی برابر کردیا۔

افواج پاکستان کی قوم کو مبارکباد

یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اہم موقع پاکستان کے جوہری تجربات کی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، 1998 میں پاکستان کی تاریخی کامیابی سے قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس قائم کیا اور پاکستان کے ایٹمی دھماکوں نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ کارنامہ زبردست مشکلات کے باوجود حاصل کیا گیا، اِس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والوں کا شکریہ، متعلقہ سائنسدان، انجینئرز اور دیگر حکام بجا طور پر تعریف کے مستحق ہیں۔

تاریخی دن پر مسلح افراج کی جانب سے مادروطن کے دفاع ہر حال میں یقینی بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ملکی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ کسی بھی قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.