ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی میں مزار قائد پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خانی کی

46
ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی آمد کے بعد مزار قائد پہنچ گئے
ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی آمد کے بعد مزار قائد پہنچ گئے جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خانی کی۔ ایرانی صدر کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

قبل ازیں ایرانی صدر کی لاہور سے کراچی آمد پر گورنر کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اہم صوبائی شخصیات نے کراچی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔

شہر کے مخصوص روٹس پر موبائل سروسز معطل

ایرانی صدر کے دورے کے دوران وزارت داخلہ کی ہدایت پر کراچی کے مخصوص روٹس پر موبائل فون سروسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے نے کراچی میں موبائل فون سروس معطل رکھنے سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق 23 اپریل کی سہ پہر 3 بجے سے 24 اپریل صبح 8 بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ ایرانی صدر کے دورہ کراچی کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ایرانی صدر کی لاہور سے خصوصی طیار ے کے ذریعے کراچی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وفود کی آمد کے موقع پر 3 ہزار 847 سے زائد پولیس کے افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 345 ویسٹ میں 164 اور ڈسٹرکٹ ساوتھ 300 سے زائد افسران و ملازمین اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جب کہ ٹریفک کے 1500 اور اسپیشل برانچ کے 300 سے زائد افسران سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

کراچی پولیس نے بتایا کہ شہر کے حساس مقامات پر سنائپرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے گزارش ہے کے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔

کراچی پولیس اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اپنے دورہ کراچی کے دوران ابراہیم رئیسی مزار قائد پرحاضری دیں گے، وہ مزار قائد سے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچیں گے جہاں معزز مہمان کی وزیراعلیٰ سندھ، کابینہ ارکان سے ملاقات ہوگی۔

اس دوران ایرانی صدر کو جامعہ کراچی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند سے نوازا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ایرانی صدر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی میں ہی قیام کریں گے اور بدھ کی صبح کراچی سے روانہ ہوجائیں گے۔

قبل ازیں ایرانی صدر آج اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، انہوں نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا۔

مریم نواز کی ایرانی صدر، خاتون اول سے ملاقات، لاہور آمد پر شکریہ

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔

ایرانی صدر اور وفد کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں ظہرانہ دیا گیا جس میں روایتی دیسی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا اور اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔

مریم نواز نے صنعتی اور زرعی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو اسٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔

مریم نواز نے آگاہ کیا کہ پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کے لیے دعاگو ہوں۔

ایرانی صدر اور خاتون اول نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

’اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب، ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی‘

بعد ازاں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دی، ایرانی صدر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سےمتعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کرسکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، میں پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے اہم ہے وہ استعمار کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، ان کی الہام بخش شخصیت تھی وہ خدا کے لیے جیتے تھے اور خدا کے لیے عمر گزارتے تھے یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے قائل ہیں، ہمارے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی۔

بعد ازاں ایرانی صدر گورنر ہاؤس پنجاب پہنچے،گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے ایرانی صدر کا استقبال کیا، ایرانی صدر نے مختلف شخصیات سے ملاقات کی، گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

ایرانی صدر کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ

اس کے علاوہ ایرانی صدر نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جی سی یونیورسٹی میں آمد پر وائس چانسلر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے ایرانی صدر کو گلدستہ پیش کیا۔

یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے علم و ہنر اور سائنس و ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہماری یونیورسٹیاں علم و تحقیق کے مراکز ہیں اور تعلیم کے شعبے میں مربوط حکمت عملی سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے کلام کو ایران میں خصوصی پذیرائی حاصل ہے، فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا مؤقف واضح ہے، مسئلہ فلسطین کا حل خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے، مسئلہ فلسطین کا حل صرف مسلم امہ کا نہیں بلکہ پوری دنیا کےلیے اہم ہے، غز ہ میں اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

بعد ازاں صدر ابراہیم رئیسی لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔

ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، کراچی میں تمام نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب، تاجروں نے صدر کی تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مال بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد کے موقع پر شہر میں مختلف قسم کی تیاریاں کی گئی ہیں، شارع فیصل پر وزیراعظم اور صدرِ پاکستان کی جانب سے خوش آمدید کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ٹریفک پلان میں شامل کچھ سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے اور پولیس کی نفری مختلف مقامات پر موجود ہے۔

ایم اے جناح روڈ کو گرومندر سے بند کردیا گیا، ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگادیے گئے، ایم اے جناح روڈ کی طرف جانے والی دیگر سڑکوں اور گلیوں میں بھی کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔

شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا، پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر رکھ دیے گئے۔

اس کے علاوہ کمشنر کراچی نے شہر میں ڈرون کیمرے کےاستعمال پربھی 7 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے جب کہ کراچی کے ریڈ زون سمیت ایم اے جناح روڈ کا کچھ حصہ اور مزار قائد کے اطراف کی شاہراہیں بھی منگل کو بند رہیں گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے کہا کہ ائیرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک سڑک مکمل بند ہو گی، شارع قائدین اور ڈاکٹر ضیا الدین روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوں گے، ایم اے جناح روڈ کے بھی دونوں ٹریکس گرومندر سے گارڈن چوک تک بند ہوں گے، شہری متبادل راستے اختیار کریں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 22 اپریل (پیر) سے 24 اپریل (بدھ) تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے، ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اس میں شرکت کی تھی، تقریب میں پاکستان اور ایران نے 8 سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.