مجلس شوریٰ کی تکمیل

62


آئین یا دستور کسی ملک کا بنیادی اور سپریم قانون کہلاتا ہے۔
دستور کو تمام قوانین کی ماں بھی کہا جاتا ہے کیونکہ دوسرے قوانین اسی سے جنم لیتے ہیں اور ان قوانین کا آئین کے ساتھ ہم آہنگ ہونا لازم ہے۔
آئین ریاست اور اس کے شہریوں کے درمیان معاہدہ کا نام ہے،جس میں ریاست اور شہریوں کے باہمی اختیارات، حقوق اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
آئین حکومت سازی کا ایک ایسا فریم ورک ہے جو اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ حکومت کیسے بنے گی اور کن شرائط و ضوابط کے تحت چلائی جائے گی۔
بدقسمتی سے ریاست پاکستان اپنے وجود کے بعد تقریبا 9 سال تک حکومتی معاملات کسی آئین کی بجائے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ،1935 کے تحت چلاتی رہی۔ سال 1956میں پہلا آئین بنایا گیا ۔
صرف 2سال بعدفوجی آمر ایوب خان کے ہاتھوں اس آئین کا گلا گھونٹ دیا گیا۔
سال 1962 میں اسی آمر نے خودساختہ آئین ریاست پاکستان میں نافذ کردیا جوسال 1969 اک اور فوجی آمر یحیی خان کے ہاتھوںختم کردیا گیا۔
ملک دو لخت ہوجانے کے بعد باقی ماندہ ریاست پاکستان کی سیاسی قیادت نے سال 1973میں متفقہ طور پر آئین ترتیب و منظور کیا
جو ضیاءالحق اورپرویز مشرف جیسے فوجی آمروں کے ہاتھوں لہولہان ہونے کے باوجود آج بھی قائم دائم ہے۔
آئین کے مطابق پاکستان میں پارلیمانی نظام حکومت قائم ہے
اور انتظامی اُمور وفاقی کابینہ کے ماتحت چلائے جاتے ہیں اورو فاقی کابینہ کا سربراہ وزیراعظم کہلاتا ہے۔
پارلیمانی نظام حکومت میں مملکت کا چیف ایگزیکٹو یعنی وزیراعظم صدر مملکت کی نسبت زیادہ صاحب اختیار ہے۔
آئین پاکستان کے تحت صدرمملکت کی حیثیت اک نمائشی عہدہ کے برابر ہے کیونکہ آرٹیکل 48(1)کے تحت صدر کابینہ یا وزیر اعظم کی ایڈوائس کے مطابق کام کرنے کا پابند ہے۔
آرٹیکل 50کے مطابق پاکستان کی ایک مجلس شوریٰ یعنی پارلیمنٹ ہوگی جو صدر اور دو ایوانوں پر مشتمل ہوگی جو بالترتیب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے نام سے جانے جائیں گے۔
آئین پاکستان کے تیسرے حصہ جسکا ٹائٹل” فیڈریشن آف پاکستان “دیا گیا ہے
اس کے تین ابواب میں آرٹیکل 41سے لےکر آرٹیکل 100 میں صدر مملکت، پارلیمنٹ کی تشکیل، دورانیہ اور اجلاس، پارلیمنٹ کے ارکان کے لیے
شرائط، طریقہ کار، قانون سازی طریقہ کار، مالیاتی طریقہ کار، صدارتسی آرڈیننس، وفاقی حکومت کی تشکیل و اختیارات کی بابت واضح رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی انتخابات:
مجلس شورہ کا ایوان زریں یعنی قومی اسمبلی 336ممبران پر مشتمل ہے۔
ماہ فروری کے اوائل میں عام انتخابات کے نتیجہ میں قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیاں وجود میں آ چکی ہیں۔
صوبہ پنجاب وسندھ میں وزرائے اعلی کے انتخاب کے بعد حکومت سازی آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔
وفاق ،
خیبرپختونخواہ اور بلوچستان اسمبلیوں کے افتتاحی اجلاسوں کے بعد حکومت سازی کا عمل بھی بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔
صدارتی انتخاب:
آرٹیکل 41کے مطابق پاکستان کا ایک صدر جو ریاست کا سربراہ ہوگا اور جمہوریہ کے اتحاد کی نمائندگی کرے گا۔
کوئی شخص بطور صدر منتخب ہونے کا اہل نہیں ہو گا
جب تک کہ وہ کم ازکم 45 سال اور مذہبی طور پر مسلمان ہو اور قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کا اہل ہو۔
صدر کا انتخاب دوسرے شیڈول کی دفعات کے مطابق الیکٹوریل کالج یعنی
حلقہ انتخاب جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین شامل ہوں گے۔
صدر کے عہدے کا انتخاب ساٹھ دن سے پہلے اور صدر کے عہدے کی میعاد ختم ہونے سے تیس دن پہلے نہیں ہو گا۔بشرطیکہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کی وجہ سے مذکورہ مدت کے اندر الیکشن نہ ہوسکے
تو یہ اسمبلی کے عام انتخابات کے تیس دنوں کے اندر کرائے جائیں گے۔
یاد رہے صدر عارف علوی کی مدت میعاد 8ستمبر 2023کو ختم ہوچکی ہے
لیکن اس موقع پر قومی اسمبلی تحلیل ہوچکی تھی اور صدر کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہ تھا
بہرحال موجودہ حالات جس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8فروری کو ہوچکے ہیں
اس صورتحال میں صدر مملکت کے انتخابات کا انعقاد 9مارچ 2024 تک ہونا لازم ہے۔
سینیٹ انتخابات:
آرٹیکل 59کے مطابق پاکستان کے تمام صوبوں سے
مساوی نمائندگی کا حامل پارلیمنٹ کا یہ ایوان بالا 96 ارکان پر مشتمل ہو تا ہے۔
ہر صوبائی اسمبلی بشمول جنرل نشستیں،ٹیکنوکریٹس، خواتین
اور غیر مسلم افراد کی نشستیں 23افراد کومنتخب کرکے سینیٹ میں پہنچاتی ہے۔
جبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے لئے 4نشستیں رکھی گئی ہیں
جن کا انتخاب قومی اسمبلی ممبران کرتے ہیں۔ سینیٹ ممبران چھ سال بعد ریٹائرڈہو جاتے ہیں۔
جبکہ آرٹیکل 60کےمطابق سینیٹ چیئرمین/ڈپٹی چیئرمین عہدہ کی معیادتین سال رکھی گئی ہے
جس کی سب سےبڑی وجہ ہر تین سال بعد سینیٹ کے آدھے اراکین
جو اپنی مدت معیاد 6سال پوری ہوجانے کے بعد ریٹائرڈ ہوجاتے ہیں انکا انتخاب کیا جاتا ہے۔
یاد رہے عام انتخابات کے بعد مارچ کے مہینہ میں وزارت عظمی ، خیبر پختونخواہ اور
بلوچستان کے وزرائے اعلی کے انتخاب کے بعد تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے لئے
صدارتی اور سینیٹ انتخابات کا معرکہ سر کرنے کا ہدف سامنے ہے۔
آرٹیکل 226کےمطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے علاوہ تمام انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں۔
لہذا آنے والے چند دنوں میں نمبر گیم اور جوڑتوڑ کی سیاست عروج پر دیکھنے کو ملے گی۔
ہر سیاسی جماعت ایوان بالا میں زیادہ سے زیادہ نشستوں کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے
تن من دھن کی بازی لگاتی دیکھائی دیں گی۔
صدارتی و سینیٹ انتخابات کے بعد یقینی طور پر پارلیمنٹ کی تکمیل ہوجائے گی۔
یاد رہے پارلیمنٹ کی اولین ترجیح ریاست پاکستان کے شہریوں کو آئین میں
درج ان کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

تحریر: محمد ریاض ایڈووکیٹ

28/02/24

https://dailysarzameen.com/wp-content/uploads/2024/02/p3-21-1-scaled.jpg

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.