محرم الحرام ۔۔۔۔۔ یوم عاشور اور فول پروف سکیورٹی انتظامات

اے آر طارق

2

محرم الحرام میں سکیورٹی و انتظامی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل کوٹ رادھاکشن میں ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے واضح احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھا کشن سہیل ریاض چھینہ کی زیرصدارت ایک اہم میٹنگ اے سی آفس میں منعقد ہوئی،جس میں ڈی ایس پی محمد افضل ڈوگر ،ایس ایچ او سید ابرارشاہ ،سربراہان امام بارگاہ، سرکاری اداروں کے افسران،تمام مکاتب فکر کے علماءاکرام،ممبران امن کمیٹی مولانا محمد احمد برکاتی ،میاں سیف اللہ خالد ،مولانا محمد ارشاد ،ندیم اقبال شاہ ،شہباز مغل ،شوکت الرحمان نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں شرکاء نے اپنی اپنی آراء و تجاویز پیش کی اورمحرم الحرام اور یوم عاشور کے پرامن انعقاد کے لیے بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے تمام اداروں کو ہدایات کی گئی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کی صفائی ستھرائی ،پانی کی نکاسی ,صاف ستھرا مکمل تجاوزات فری روڈ, متعلقہ روٹس کے راستے پر بجلی کی لٹکتی اور آس پاس سے گزرتی دیواروں کے ساتھ موجود ننگی تاروں پر حفاظتی کور ،چیکنگ، سویپنگ ہر مجلس سے پہلے مکمل کی جائے۔ٹی ایچ کیوہسپتال میں ایمرجنسی عملہ و ڈاکٹرز موجود رہیں ۔فوری طبی امداد کو یقینی بنایا جائے .متعلقہ ادارے جلوس سے پہلے تمام راستوں کی بی ڈی اور کلیئرنس کریں۔ایمبولنس ،1122 سروس،فائر برگیڈ کی گاڑیاں جلوس کے ہمراہ رہیں ۔سی سی ٹی وی کیمروں اور کنٹرول رومز کو فعال اور میٹرنگ پر رکھا جائے۔محرم الحرام خصوصا 9,10 محرم کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔بجلی سے متعلقہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لیے جلوس کے تمام راستوں پر لیسکو کے سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے،تمام لینڈ لائن /پی ٹی سی ایل کے شکایت نمبر ہمہ وقت فعال رکھنے ،بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کی صورت میں ٹرانسفارمر ٹرالیاں ساتھ رکھنے ،ذوالجناح کے روٹس پر افسران و عملہ کو اپنی ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات کی ۔محرم الحرام کی خصوصی اہم میٹنگ میں عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے اداروں کو تمام تر خاطر خواہ انتظامات یقینی بنانے اور محرم میں امن وامان برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض چھینہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ احکام کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نپٹا جائے ۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے محرم الحرام کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن ،بین المسالک ہم آہنگی اور باہمی تعاون اور احترام کو یقینی بناتے ہوئے امن وامان کے حوالے سے اس ضابطہ اخلاق پر عمل کریں ۔انہوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع قصور میں تمام تر ضروری سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں .محرم الحرام کے ایام میں امن و امان کو برقرار رکھنا تمام اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔امید ہے کہ عوام پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ایس ایچ او تھانہ کوٹ رادھا کشن سید ابرار شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر علاقے بھر میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر کر دیا ہے ۔شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔DPO قصورمحمد عیسی سکھیرا کے حکم کے مطابق محرم الحرام میں مجالس ،محافل اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کے جوان تعینات ہوں گے اور فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔کوٹ رادھا کشن میں محرم الحرام خصوصا یوم عاشور پر سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات دیکھنے کو ملے ہیں۔محرم الحرام یوم عاشور کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے کوٹ رادھا کشن میں خاصی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات تھے ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے گئے ہیں ۔عشرہ محرم الحرام کے دوران پنجاب میں پہلی بار سائبر پٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے ۔محرم میں پنجاب بھر میں ایک لاکھ 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔38ہزار 217 محرم مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 79 رینجرز اور 59 آرمی کی کمپنیاں تعیینات ہیں ۔محرم سے متعلق انتظامات اور سیکیورٹی کی سیف سٹی کیمروں سے مکمل نگرانی ہو رہی ہے ۔شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں میں ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کا انتظام ہے ۔فیلڈ ہسپتال ،ریسکیو 1122 ،کلینکس آن ویلز اور فائر برگیڈ کا عملہ ہمہ وقت دستیاب ہے ۔پنجاب بھر میں یکم تا 10 محرم الحرام امن و امان کو یقینی بنانے اور مذہبی منافرت کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔مذہبی منافرت پر مبنی نعروں ،مواد کی اشاعت،تقریروترویج پرمکمل پابندی,جلوس کے راستوں میں گھروں اور بلند عمارتوں پر مورچہ بندی پر پابندی،نو دس محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہے۔مجالس و جلوس کے طے شدہ پروگرام و روٹس میں تبدیلی منع ہے۔ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے ۔ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور افواہیں پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی کا واضح حکم ہے ۔حکومت پنجاب کے محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات انتہائی شاندار اور مثالی ہیں ۔انتظامیہ تحصیل کوٹ رادھا کشن نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے واضح احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض چھینہ کی زیرصدارت محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے۔ محرم الحرام،یوم عاشور پر بہترین اور مثالی انتظامات کرنے پر پولیس سمیت تمام ادارے اور ان کے افسران خراج تحسین پیش کیے جانے کے قابل ہیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.