حکومت معاشی ترقی سے عوامی ریلیف کے راستے نکالنے میں کامیاب

اداریہ

7

پاکستان میں معاشی بحران ٹال کر حکومت نے ترقی کے سفر کو پائیدار بنادیا ہے ،وزئراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں اور عسکری قیادت کے ساتھ ملکر ساڑھے نو ماہ کے دوران معاشی بہتری کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کی مشکلات دورکرنے کا اہتمام کیا ہے ۔معاشی اہداف کو مقررہ مدت کے دوران حاصل کرنے کا سبب مخلوط حکومت کی شاندار کارکردگی ہے ،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی یہ اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے ُ۔ن لیگ کی موجود ہ حکومت نے منظم اور مربوط معاشی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے مہنگائی ساڑھے چھ سال کی کم شرح پر لانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔اس طرح اقتصادی کامیابیاں سمیٹنے کے حوالے سے اہم بات عسکری اور سیاسی قیادت کی بہترین ہم آہنگی بھی ہے ۔سیاسی قیادت کو قومی سلامتی کے ادارے کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے جس پر قومی ترقی کے سفر میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی استحکام سے عوام کی بہبود کے راستے نکالنے کا ویژن پر کامیابی سے عملدرامد ہورہا ہے ۔قومی ترقی کے اس سفر میں اداروں کے درمیان ہم آہنگی نے عوامی مسائل کے حل کی راہیں ہموار کردی ہیں ۔حکومت سے تعاون کے حوالے سے عسکری قیادت کی جانب سے اس کا اظہار بھی کیا گیا ہے ،اس حوالے سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے حکومت کو معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا ہے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔سیکریٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے اڑان پاکستان’ (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے میں آگاہ کیا،کمیٹی نے ملک کے بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک کی تجویز کا بھی جائزہ لیا، جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔فورم کو انسانی وسائل کی ترقی (ایچ آر ڈی) کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات، جن سے امن و امان اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔آخر میں وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا،انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔بلاشبہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک سنوارنے کیلئے مل کر چلنے کی کاوشیں کامیاب رہی ہیں ،ملکی مفاد کو مقدم رکھنے کے عمل نے آسانیاں پیدا کی ہیں جس پر معاشی ترقی کے اہداف پورے کرکے حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ویژن کو عملی شکل دے رہی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.