معاشی بدحالی کے خاتمے کی حکومتی کاوشوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت

77

اداریہ

پاکستان میں نئی حکومت کو سب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی ہے ۔نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے اس کی اہمیت محسوس کرتے ہوئے حلف اٹھانے سے قبل اپنی کامیابی پر پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت کی بحالی کے لئے مل کر کام کرنے کی پیش کش کی ہے
وزیراعظم شہباز شریف کے اولین خطاب پر کئی طرح کے تبصرے ہوئے ہیں تاہم مسلم لیگ ن کی کامیابی کو بھی اکثریت نے قبولیت بخشی ہے ملک میں تیز رفتار ترقی کے لئے سب سے پہلے معاشی عدم استحکام کو ختم کرنے
کے لئے سیاست دانوں کو مل کر کام کرنے کا بیانیہ سامنے آیا ہے ۔ نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک کی معیشت کو مل کر ٹھیک کرنے کے لئے مفاہمت اور مصالحت کی بات اس موڑ پر انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔
تمام سٹیک ہولڈرز کے لئے ملکی مفاد کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی خاطر باہمی اختلافات کو بھلانا بھی ضروری ہے۔
تاکہ قومی یکجہتی کے ساتھ سیاسی استحکام کو پائیدار بنا کر
ملکی معیشت کے استحکام کی صورت نکالی جا سکے ۔
اسی لئے وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے
اعتماد سازی کے عمل کو فروغ دینے کے جامع منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے
اس حوالے سےوزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لیے
ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے
یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا
جس میں وزیراعظم کو سیکریٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے
کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے
یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کرے گی۔
شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر
وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے 65 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کلیئر کردیے ہیں
جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کی حکومتی سطح پر پزیرائی کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلٹی پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے
بات چیت فوری آگے بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس اے ایف سی معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم قدم ہے جسے مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں شفافیت لانے کے لیے آٹومیشن ناگزیر ہے
ایف بی آر اور دیگر اداروں کی آٹومیشن پر فی الفور کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نقصان میں جانے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی
ایسے ادارے جن کی ضرورت نہیں ان سے متعلق حکمت عملی بنائی جائے اور
ایسے اداروں کو یا تو ضم یا بند کردیا جائے۔شہباز شریف نے حکومتی بورڈ اراکین کی مراعات میں کمی کے لئے حکمت عملی پر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس فیڈرل بورڈ آف ریونیو
سے متعلق منعقد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا کہ عوام کو سہولیات دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے
اور کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان حالات جب ملک کئی طرح کے مسائل کا شکار ہے ،نومنتخب وزیراعظم کی جانب سے
فوری طور پر معیشت کی بحالی کے لئے بروقت اقدامات عوام کو ریلیف دینے کا سبب ہوں گے ۔
اس وقت ملک کو درپیش مختلف چیلنجز میں سے ایک بڑا چیلنج معاشی بدحالی ہے۔
اس کے بدترین اثرات کے باعث ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوچکی ہے، عوام سراپا احتجاج ہیں
حکومت کی جانب سے مفت آٹا و سہولیات دینے کی کوشش کی جارہی ہے مگر اس کے باوجود
لوگوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔
قدرتی وسائل سے مالامال اور دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی والا ملک ہونے کے باوجود ہماری معاشی بدحالی افسوسناک ہے۔
جائزہ لیں تو نظر آتا ہے کہ 23 کروڑ آبادی میں سے محض چند فیصد افراد کی زندگی میں بہتری آئی ہے
اور وہ ملک کی اشرافیہ ہے جبکہ باقی عوام بری طرح پس رہے اور ملک میں اتار چڑھاؤ سے متاثر ہوئے ہیں۔
ماضی میں عوام کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا رہا ،ہوشربا مہنگائی پر لوگ تلملا اٹھے ۔
اس پر نگران حکومت کی جانب سے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے کچھ نہیں ہوسکا
نئی حکومت عوامی بہبود کے مینڈیٹ لے کر آئی ہے اور معیشت کی بحالی لازمی طور پر اس کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔
قومی مفاد کے پیش نظر اب نئی حکومت کو عوامی فلاح کے ایجنڈے پر عملدرآمد کا موقع ملنا چاہئے
اس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے اس کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے
تاکہ حکومت عوامی بہبود کے ایجنڈے کو آگے بڑھا سکے ۔

06/03/24

https://dailysarzameen.com/wp-content/uploads/2024/03/p3-3-1-scaled.jpg

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.