وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ

13
وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے ایک روز کے دورے پر روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔ وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا یو اے ای کا دورہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ ، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی کاروباری برادری اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

شہباز شریف نے بطور وزیراعظم اپنی پچھلی مدت میں آخری بار جولائی 2023 متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، وہ یو اے ای کے صدر کے بھائی شیخ سعید بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کرنے گئے تھے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر ایران کے شہر تہران میں تعزیتی تقریب میں شرکت کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی تھے۔

تبصرے بند ہیں.