تقریب کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی

21
امریکی ریاست الاباما میں ایک تقریب کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں میموریل ڈے کی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔

بالڈون کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق کمیونٹی آف اسٹاکٹن میں ہونے والی مے ڈے کی اس تقریب میں تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد شریک تھے، جہاں سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن اچانک کچھ لوگوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

شیرف آفس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ 9 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا جب ایک شخص نے تقریب میں موجود تمام افراد پر فائرنگ شروع کردی جس سے تقریب میں بھگدڑ مچ گئی اور 18 افراد فائرنگ کی زد میں آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے جب کہ کچھ زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں جب کہ تفتیشی افسران نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد ایک سے زیادہ تھے اور انہوں نے پولیس کا ہدایت دی ہے کہ وہ وہاں موجود افراد سے پوچھیں یا پھر ویڈیوز کی مدد سے معلومات حاصل کریں۔

بالڈون شیرف آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ اس کیس کو جلد از جلد منتقی انجام تک پہنچائیں اور ملزمان کو گرفتار کریں لیکن اس کے لیے ہمیں مدد کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال 2024 میں اب تک 155 فائرنگ کے ایسے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جہاں ہجوم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.