وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کی صوتحال پر گہری تشویش کا اظہار

40
شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سے رابطہ کرکے وہاں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق سے رابطہ کرکے انہیں بھی اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے معاملے کے حل ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں مطالبات کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں، انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعاً برداشت نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔

شبہاز شریف نے کہا کہ ڈائیلاگ ، بحث ومباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

وزیرا عظم نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے تمام عہدیداروں کو بھی ایکشن کمیٹی کے رہنماوٴں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نےکہا ہےکہ ان کی وزیراعظم پاکستان سے گفتگو ہوئی، انہوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔

شاہ غلام قادر کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام فریقین آزادکشمیر میں امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں، انتظامیہ امن وامان بحال کرنےکے لیے بات چیت کا دروازہ کھولے۔

ادھر صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نےکہا ہےکہ وزیراعظم آزاد کشمیر عقل کُل بنے بیٹھے ہیں، اس کی وجہ سے آج ریاست اور عوام آمنے سامنے ہیں۔

چوہدری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بجلی،آٹا سستا ہے تو آزاد کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتا؟ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں۔

تبصرے بند ہیں.