پروفیسر ڈاکٹر عابدہ بتول ۔۔۔۔ بطور استاد

تحریر: اسٹیفن گل ( لیکچرار )

10

جو شخصیت تربیت، تعلیم ، علم، ترقی اور کامیابی کی کلید ہو اسے نذرانہ تحسین پیش کرنا خود میں اعزاز ہوتا ہے۔وہ شاگرد بڑا نصیب رکھتے ہیں جنھیں مخلص، بہترین اور عظیم استاد میسر آتے ہیں۔مجھے بھی اپنی مشفق اور محب استاد پروفیسر ڈاکٹر عابدہ صاحبہ کی صورت خدا کی نعمت ملی ہے اور مجھے اپنی قسمت پہ رشک ہے کہ انھوں نے مجھے اپنا شاگرد نہیں بلکہ عزیز شاگرد سمجھا ہے۔میری خوشی قسمتی کہ مجھے ان کی استادانہ شخصیت کو بیان کرنے کا شاگردانہ شرف حاصل ہوا ہے۔میڈم عابدہ صاحبہ بطور استاد اور معلم کئی حوالوں سے اپنی پہچان اور شناخت رکھتی ہیں۔میرا ان سے پچھلے بارہ سال سے تعلق قائم ہے اور یہ شاگردانہ سفر ابھی بھی بھرپور عقیدت و احترام سے جاری ہے۔ میڈم صاحبہ بطور انسان اور استاد ایک مخلص،ذمہ دار، فرض شناس ،وفادار ، مہذب، صاف گو ، بے باق، خود مختار، اخلاق یافتہ، بناوٹ سے پاک ،رشتوں کی پاس دار ،انسان دوستی کی مثال ،اپنے پرائے کی غم خوار ،دلیری اور ثابت قدمی کا نشان، انکساری اور سادگی کا مان ،صنف نازک کے باوجود جوان ہمتی کا پیکر ، اپنی بساط سے بڑھ کر ذمہ داری کی انجام دہی،چھوٹے سے پیار اور شفقت ،بڑے کا احترام اور عزت اور خاندانی رکھ رکھاو۔ایسے اوصاف ہیں جو ان کو میرے لیے بطور استاد عظیم رہنما بنا دیتے ہیں۔اور یہ تمام خوبیاں مبالغہ نہیں بلکہ ان تمام خوبیوں کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا ہے اور تجربہ بھی کیا ہے۔میڈم صاحبہ جتنی تعلیم یافتہ ہیں اتنی ہی اخلاق یافتہ بھی ہیں۔استاد کا رتبہ ،مقام اور منصب بلند ہے لیکن میڈم صاحبہ نے اس رشتہ کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے خود کو اس قدر عجز کیا ہے کہ انھیں استاد میں ایک مخلص خدمت گار دکھائی دیتا ہے اور یہ خوبی ان میں بدرجہ اتم موجود ہے۔ان کا یہ معلمانہ رویہ سیکھ دیتا ہے کہ استاد محض منصب نہیں بلکہ ایک پیغمبرانہ خدمت ہے اور میڈم صاحبہ اس خدمت کو نہایت عمدگی سے ادا کر رہی ہیں۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کا ہر شاگرد اس خدمت سے فیض یاب ہوا ہو گا۔طلبہ کی آسانی، کامیابی اور ترقی کے لیے ہر مکمن کوشش اور عمل کرتی رہتی ہیں تاکہ طلبہ کو تعلیمی سفر میں دشواری نہ ہو ،پھر طلبہ کی اخلاقی تربیت بھی ان کی استادانہ شخصیت کا خاصہ ہے۔دوسرے شہروں، مضافات اور قرب وجوار سے آئے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی، درست رہنمائی، آگے بڑھنے کی ترغیب اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ان کی منفرد خوبی ہے۔طلبہ کی تعلیمی، علمی ،اخلاقی اور تحریکی رہنمائی اس بات کی شاہد ہے کہ ان میں طلبہ کی خدمت کا جذبہ اس قدر وافر ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ ان ایسے استاد میرے جیسے طالب علم کے لیے نعمت خداوندی سے کم نہیں کیوں کہ میں ایم اے اردو کا پرائیویٹ امیدوار تھا جس کو ایف سی کالج کی پروفیسر کا شرف تلمذ حاصل ہوا ہے،یہ میرے لیے فخر اور اعزاز ہے۔ یہ نسبت اور رشتہ بھی انھیں کی دین ہے کیوں کہ ان کا شفیقانہ سلوک کسی بھی شاگرد کو اپنے حصار میں ایسے لیتا ہے کہ وہ ان سے ہمہ وقت عقیدت کا متمنی رہتا ہے۔میں نے جب بھی ان سے جس بھی ضرورت کا تقاضا کیا انھوں نے اسے پورا کیا۔ خصوصا تعلیمی و علمی حوالہ سے کبھی بھی انکار نہیں کیا بلکہ اپنی مصروفیات کو پس پشت ڈال کر میری رہنمائی فرمائی ہے۔ ان سے فونیک یا بالمشافہ مکالمہ ہو دونوں صورتوں میں میری علمی تشنگی دور کرتی ہیں۔یہ ان کی علم و ادب سے محبت، اعلی ظرفی اور کشادہ دامنی کا ثبوت ہے۔ ان کے خلوص اور اپنائیت کا بھی کوئی ثانی نہیں ہے۔مجھے ابھی تک وہ منظر یاد ہے جب ان سے پہلی بار ملا ان کے حسن سلوک اور رویہ نے اجنبیت سے شناسائی کے فلک پہ پہنچا دیا اور اب بھی اسی سلوک کا بارہا تجربہ کر رہا ہوں۔ یہ ان کی کرم نوازی ہے کہ انھوں نے مجھے اپنی شاگردیت میں قبول کیا اور میں بھی شاگردیت کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔ ان سے میرا استاد شاگرد، ماں بیٹے، دوست اور غمگسار کا رشتہ ہے جس کا وہ پورا پورا حق ادا کرتی ہیں۔میری تعلیمی ،علمی اور اخلاقی تربیت میں ان کا بڑا عمل دخل ہے بلکہ یہ مبالغہ اور دروغ گوئی نہیں کہ ان کے اکسانے اور کہنے پہ ایم فل( اردو ) مکمل کیا۔انھیں کی تیاری اور رہنمائی میں پی پی ایس سی میں لیکچرار منتخب ہوا اور اب اپنے منصبی فرائض خوش اسلوبی سےانجام دے رہا ہوں۔ یہ ان کی کشادہ دلی ہے کہ وہ مجھ سے اتنی شفقت اور محبت کرتی ہیں۔
میڈم صاحبہ کی شخصیت اپنی مثال آپ ہے کسی دوسرے سے تشبیہ دینا ان کے شان شایان نہیں کیوں کہ ان کی شخصیت کا اپنا منفرد اور مخصوص رنگ ہے اور ایسا رنگ جو زندگی کی بہار و خزاں میں ،صبح و شام میں ،جیت و ہار میں،غم و خوشی میں برابر چمک رہا ہے۔رب کریم میڈم صاحبہ کو اچھی اور خوب صورت زندگی کی نعمت سے مالا مال رکھے تاکہ وہ اسی جذبے اور استحکامت سے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.