پنجاب کی شہزادی مریم نواز

تحریر: خالد غورغشتی

0

اس وقت محترمہ مریم نواز نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں میں معتبر ترین سیاسی رہبر کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے کئی پروگرامز جہاں پنجاب میں ترقی کے نئے منازل کو چھو رہے ہیں، وہیں پر ان کے شروع کیے گئے منصوبے عوامی اُمنگوں پر پورا اتر رہے ہیں۔جیسے ماضی میں پی پی کی مشہور رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو کو اس حوالے سے کافی شہرت ملی۔ آج ویسے ہی انقلابی اقدامات کے باعث مریم نواز صاحبہ بھی سامنے آ رہی ہے۔ لگتا ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جو بھی پاکستان کی ترقی کے خواب دیکھے، ان کی تعبیر کے طور پر صاحبزادی سامنے آ رہی ہیں۔ ذیل میں چند کارنامے پیش کیے جا رہے ہیں لیکن اس سے قبل سوشل میڈیا کے قارئین سے اتنی گزارش ضرور کروں گا کہ مائیں بہنیں اور بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، خوامخواہ کسی کی ہتک عزت کر کے بد نسل اور بد تہذیب ہونے کا ثبوت نہ دیں۔ لیجیے؛ محتصر سے عرصے میں محترمہ کے چند کارنامے پڑھیں،

بتایا جا رہا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز صاحبہ کے شروع کردہ دہی رانی پروگرام کے تحت 51 شادیاں ہوئیں، جن میں مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے پانچ جوڑے بھی شامل تھے، جہیز اور ایک لاکھ سلامی دی گئی۔ اسی طرح قصور میں 22 جنوری 2025ء کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے “دہی رانی پروگرام” کے تحت 39 اجتماعی شادیاں کی تقریب ایوان شاہ جہان شادی ہال قصور میں ہوئی، جس میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ جوڑوں کو سلامی کے ساتھ ساتھ گھریلو سامان کے تحائف بھی مہیا کیے گئے اور پُر لطف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان اور مضافات کے غریب گھرانوں کے لیے فلاحی پروگرامز کی رجسٹریشن جاری۔ ہر یونین کونسل کے دفتر میں فری رجسٹریشن سنٹر قائم ہے، جہاں کسان کارڈ، ہمت کارڈ، ہیلتھ کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ، ای بٹیکس اسکیم، اسکالرشپ، اپنی چھت اپنا گھر، روشن گھرانہ سولر پروگرام، اور نگہبان رمضان پیکج کے لیے رجسٹریشن ہو رہی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد ماہ رمضان میں مفت راشن دیا جائے گا۔

مریم نوازصاحبہ نے صوبے میں 72 ارب روپے کے اسکالرشپ پروگرام اور 150 ہیلتھ کلینکس کا افتتاح کیا ہے، جو کہ عوامی فلاح کے لیے ایک اہم اقدام ہے جب کہ مخالفین صرف بیان بازی تک محدود ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے مشن کے مطابق زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کا آغاز! 31 جنوری 2025 کو قرعہ اندازی ہوگی، کسانوں کو سستی اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی کا ایک اور سنگ میل عبور ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے مشن کے تحت پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کی جانب عملی سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں 102 الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی بنیاد رکھی گئی ہے، جو نہ صرف فضائی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ عوام کو جدید آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی۔ یہ قدم مستقبل کی نسلوں کے لیے صاف اور محفوظ پنجاب کی ضمانت ہے۔

بہت سے نوجوانوں کو مریم دستک ایپ سے روزگار بھی مل رہا ہے۔ جس سے ان کی معاشی تنگ دستی بھی دور ہو رہی ہے۔ “مریم کی دستک” منصوبے کے تحت پنجاب کے 40 اضلاع میں دستک نمائندے شہریوں کو ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ سمیت 70 سے زائد عوامی اور کاروباری خدمات ان کی دہلیز پر مہیا کر رہے ہیں۔
سروسز کے حصول کے لیے www.dastak.punjab.gov.pk ایپ ڈاؤن لوڈ کریں یا ہیلپ لائن 1202 پر کال ملائیں۔

سوشل میڈیا کے قارئین سے مودبانہ التجا ہے کہ ہمارے دین نے تو غیر مسلم کی بیٹی کو بھی عزت سے نوازنے کا حکم دیا ہے۔ ہم کس روش پر چل پڑے ہیں کہ ذرا سے سیاسی اختلاف پر اپنی کی قوم کی بیٹیوں، عافیہ صدیقی، ملالہ یوسف زئی اور مریم نواز صاحبہ پر لعن طعن شروع کر دیتے ہیں۔ کمی بیشی ہر جگہ ہوتی ہے۔ ہمیشہ قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے بارے میں مہذبانہ الفاظ استعمال کریں اسی میں ہم سب کی بھلائی۔ شکریہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.