زندگی کے شجر سے ایک شاخ اور ٹوٹ گئی

36

احساس کے انداز
تحریر ؛۔ جاویدایازخان
کہتے ہیں کہ موت برحق ہے آج نہیں تو کل سب نے باری باری اس مرحلے سے گزرنا ہے ۔ خکایت ہستی کے دو ہی اہم واقعات ہیں پیدائش اور موت ہر آنے والی صبح اور ڈھلتی شا م ہمیں یہی خبر دیتی ہے کہ دنیا فانی ہے ۔لیکن چوہدری محمد صدیق محبتیں بانٹنے والا ایک ایسا خوبصورت دوست تھا جسے مرحوم کہتے ہوۓ بھی کلیجہ منہ کو آتا ہے ۔لیکن قدرت کے اپنے اصول اور قاعدے ہوتے ہیں جن سے کسی کو مفر نہیں اور بسا اوقات قدرت کے فیصلے انسان کو حیران کردیتے ہیں ۔کہتے ہیں کہ انسان ایک درخت کی مانند ہوتا ہے اور وہ اپنے تنے اور شاخوں کے سہارے مضبوط ہوتا ہے اور جب یہ شاخیں ایک ایک کرکے ٹوٹنے لگیں تو یہ درخت کمزور ہونا شروع ہوجاتا ہے ا و اپنے اختتام سے قریب تر ہوتا چلا جاتا ہے ۔یہی کچھ میری زندگی کے اس درخت کے ساتھ پچھلے دو سال سے ہوتا چلا آرہا ہے ۔دوستوں کی یہ شاخیں ایک ایک کرکے ٹوٹتی چلی جارہی ہیں ۔ارسطو نے کہا تھا کہ ہر نئی چیز اچھی معلوم ہوتی ہے لیکن دوستی جتنی پرانی ہوگی اتنی ہی عمدہ اور مضبوط ہوتی ہے ۔ چوہدری تنویر ،شیخ صبح صادق اور سیٹھ ارشد جیسے دوستوں کی جدائی کے بعد کل رات یہ خبر بڑی دردناک تھی کہ میرے ایک مخلص اور گداز دل رکھنے والے اور محبتیں بانٹنے اور سمیٹنے والے ہر دلعزیز دوست چوہدری محمد صدیق سابقہ چیف انجینیر واپڈا کیلی فورینا امریکہ میں واک کے دوران ایک ایکسیڈنٹ میں اللہ کو پیارے ہوگئے ۔انااللہ وانا علیہ راجعون ۔ زندگی کے شجر سے ایک شاخ اور ٹوٹ گئی گویا میری تو کمر ہی ٹوٹ گئی ہے۔آنے جانے کا یہ سلسلہ روزاول سے ہی جاری ہے لیکن ان ہی جانے والوں میں کچھ ہستیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جن کے وداع سے آنکھیں اشک بار اوردل بےقرار ہوجاتا ہے۔جن کے رخصت سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ خلا ٔ کبھی پر نہ ہوسکے گا جب وہ رخصت ہونے والا اپنا ہو ،پرانہ ساتھی ہو جس کے ساتھ جانے کتنی یادیں وابستہ ہوں اور جس کی موت کا صدمہ موت جیسا تکلیف دہ ہو تو ظاہر ہے کہ ایسی متاسف کن خبر کے اثر کا ندازہ کیا جاسکتا ہے ۔میری پچاس سالہ طویل رفاقت کا یہ اچانک اختتام کسی بہت بڑےالمناک صدمے سے کم نہیں ہے ۔لڑکپن ،جوانی ،اور پھر بڑھاپے میں بھی دوستی اور محبت کو نبھانے اور قائم رکھنے میں مجھ سے زیادہ ان کا اپنا کمال تھا ۔وہ رئٹائرمنٹ کے بعد تقریبا” امریکہ شفٹ ہو چکےتھے ۔لیکن ہر سال چند ماہ پاکستان گزارنے آتے تو دوستوں کی گویا عید ہو جاتی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.