روزانہ 2 کپ انگور زندگی طویل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، نئی تحقیق
نئی تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اگر 2 کپ انگوروں کا استعمال کر لیا جائے تو اس سے زندگی طویل ہونے سمیت صحت پر متعدد طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
قدرت نے انسان کو بہت سی ایسی غذاؤں سے نوازا ہے جن کے استعمال سے دائمی امراض سے چھٹکارہ اور مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے، ان غذاؤں میں پھل انگور بھی شامل ہے۔
غذائیت سے بھرپور انگوروں کی مختلف اقسام دنیا بھر میں مختلف رنگوں جیسے کہ سبز، سرخ، نیلے، جامنی اور سیاہ رنگوں میں پائی جاتی ہیں۔
اس پھل میں پوٹاشیم، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، وٹامن اے، وٹامن سی، کیلشیم، آئرن، وٹامن بی6، اینٹی آکسیڈینٹ اجزا کی کثیر تعداد اور میگنیشیم ہوتا ہے۔
ویسٹرن نیو انگلینڈ یونیورسٹی کالج آف فارمیسی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے زیرِ انتظام کی جانے والی تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ غذا میں تقریباً دو پیالی انگوروں کا استعمال جگر پر موجود چکنائی کو کم کر کے انسان کی عمر کو بڑھا دیتا ہے۔
تحقیق کے اہم کردار، یونیورسٹی کے ڈین جان پیزوٹو کے مطابق انگور کے استعمال کے فوائد جاننے کے لیے چوہوں کو چکنائی سے بھرپور غذا کھلائی گئی اور ساتھ ہی روزانہ انگور کا سفوف دیا گیا جس کے نتیجے میں چوہوں کے جگر پر چربی کم ہوگئی اور وہ دیگر چوہوں کے مقابلے زیادہ عرصے تک زندہ رہے۔
جان پیزوٹو کا کہنا ہے کہ چکنائی سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ اگر انگوروں کا استعمال بھی کر لیا جائے تو جسم میں اینٹی آکسیڈنٹ کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے قدرتی موت جَلدی نہیں آتی اور عمر دراز ہونے میں مدد ملتی ہے۔
مزید بر آں، انگور میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس میں کینسر سے لڑنے کی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں، جو چھاتی کے کینسر سمیت کینسر کی دیگر اقسام سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں، پولی فینولز جیسے ریسوریٹرول میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات کے علاوہ سوجن اور جلن کے خلاف اینٹی انفلامینٹری خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔
انگور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہونے کے سبب دل کے امراض کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ان اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ ان میں پولی فینولز بھی پائے جاتے ہیں جو خراب کولیسٹرول اور بلڈ پریشر میں کمی لاسکتے ہیں، یہ قلبی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کرسکتے ہیں۔