یو اے ای میں کل سے شدید بارش کی پیشگوئی

110
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بدھ کی شام سے جمعرات تک شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباؤ کی توسیع سے متاثر ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پر اثر انداز ہوں گی۔ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے۔ دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

دبئی میں 2 سال کی بارش چند گھنٹوں میں برس گئی جہاں پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں جب کہ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زایدکے متعدد حصے بند کر نے پڑ گئے،شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی جمع ہوگیا جب کہ شدید بارش نے 25 منٹ تک دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رکھا جس سے آنے جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

تبصرے بند ہیں.