پاکستان میں ڈیجیٹل دہشتگردی سے نئی نسل کو گمراہ کرنے والوں کے بیانیہ کو قوم نے یکسر مسترد کردیا ہے ،پاک فوج نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے معاشی ترقی کا سفر بھی قرینے سے جاری رکھا ہے ۔پاک فوج کی حربی صلاحیتوں کا زمانہ معترف رہا ہے اب اسکے مالیاتی نظم ونسق کو استحکام دینے کے معرکے نے پوری قوم کو اسکا گرویدہ بنالیا ہے ۔پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے ویژن سے ملکی معیشت کو نئی جہت ملی ہے ۔ملک کے مختلف شعبوں میں تعمیر وترقی کے کام کرکے نئی تاریخ رقم کی گئی ہے ۔قوم کی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھنے والی پاک فوج نے ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس تناظر میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کہتے ہیں کہ جب تک قوم اور بالخصوص نوجوان ساتھ کھڑے ہیں پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، ہمارے لیے پاکستانیت سب سےاہم ہے، ہم فتنہ الخوارج کےفسادیوں سے لڑ رہے ہیں،اسلام کی غلط تشریح کرنے والے گمراہ کن گروہ کو کبھی ملک پر اپنی اقدار مسلط نہیں کرنے دیں گے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یہ گفتگو گزشتہ دنوں ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی جس کا 3 منٹ 10 سیکنڈ کا کلپ آج آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے طلبہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے گفتگو ہمیشہ میرے لیے انتہائی خوشی کی حامل ہوتی ہے اور نوجوانوں سے بات کرکے اس حقیقت کا تجدید ہوتی ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ جب تک قوم اور بالخصوص نوجوان ساتھ کھڑے ہیں اور جب تک ہم میں قربانی کا جذبہ موجود ہے، پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی۔ہم کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں، فوج کا یہی تو مزہ ہے کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ کون سندھی، کون پنجابی، کون بلوچ اور کون پٹھان ہے، ہم بس ساتھیوں کی طرح لڑتے ہیں، ہمارے لیے صرف پاکستانیت ہی اہم ہے اور ہمیں اس سے محبت ہے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم آج کل فتنۃ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہےہیں، آپ سمجھ رہے ہیں کہ یہ جہاد کررہے ہیں مگر یہ خارجی اور دین سے نکلے ہوئے ہیں، کیونکہ انہوں نے اسلام کی خودساختہ تشریح کر رکھی ہے جس کی اسلام میں اجازت نہیں ہے۔آرمی چیف نے قرآن کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ خارجیوں کےبارے میں اللہ کے احکامات یہ ہیں کہ یہ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرتے ہیں، اور زمین پر فساد برپا کرتے ہیں، ان کی سزا یہ ہے کہ انہیں ختم کردو، پھانسیوں پر لٹکادو اور ان کے ہاتھ پاؤں مخالف سمت سے کاٹ دو یا انہیں اپنی زمین سے دربدر کردو، یہ سزا دنیا میں ہے اور آخرت میں انہیں اس سے بڑا عذاب دیا جائے گا۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ اللہ نے خارجیوں کے لیے ایک گنجائش رکھی ہے کہ اگر وہ تمہاری گرفت میں آنے سے قبل تائب ہوجائیں اور سر تسلیم خم کردیں تو انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ بہت غفور و رحیم ہے، ریاست کے سامنے خود کو سرنڈر کردیں تو وہ ریاست سے رحم کی توقع کرسکتے ہیں۔جنرل عاصم منیر کا مزید کہناتھا کہ فوج آج بھی فتنۃ الخوارج سے روزانہ کی بنیاد پر لڑرہی ہے اور مذہب کے حوالے سے ان کی خودساختہ تشریح سے اتفاق نہیں کرتی، اسلام دنیا کا سب سے پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو آسمان پر پہنچایا اور عزت دی۔آرمی چیف نے فتنۃ الخوارج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے وہ ماں ہو، بیوی ہو یا بہن، کسی بھی کردار میں عورت کو سب سے زیادہ عزت اسلام نے دی ہے، تو آج اسے چھیننے والے تم کون ہوتے ہو؟ تمہیں یہ اختیار کس نے دیا؟ خواتین سے یہ اختیار کوئی نہیں چھین سکتا۔آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس قسم کے گمراہ گروہ کو ہم کبھی بھی ملک پر اپنی اقدار مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بلاشبہ پاک فوج آج بھی حالت جنگ میں ہے اور دنیا کے خطرناک دہشتگردوں کے خلاف برسر پیکار ہے ۔ملک دشمنوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں ،فوج کے جوان جدید مہارت اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوکر دشمن کا ہر سطح پر مقابلہ کررہے ہیں ۔اس حوالے سے کئی طرح کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں ۔ان آپریشنز کو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔دوسری طرف دشمن کی طرف سے کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج مستقل تیاری کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔پاک افواج ملکی سلامتی اوردفاع کی ضامن ہیں ۔ان حالات میں یقینی طور پر مسلح افواج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنارہی ہے ۔پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کے تمام عزائم خاک میں ملادیئے جائیں گے۔