تم جنگ ہی نہیں دل بھی جیت چکے

ملک سلمان

5

حالیہ پاک بھارت جنگ میں افواج پاکستان نے اپنے سے دس گنا بڑی فوج، دفائی بجٹ اور جدید جنگی سازوسامان والے بھارت کو شکست دے کر دنیا بھر میں بہادری کی انمٹ تاریخ رقم کردی۔
پاکستانی عوام نے بھی اپنے محسنوں اور محافظوں کو سراہنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ گلیوں، بازاروں، مسجدوں، مدرسوں، امام بارگاہوں، تعلیمی اداروں سے لیکر ہر مکتبہ فکر کے افراد نے افواج پاکستان زندہ باد، شکریہ پاک فوج کی ریلیاں اور جلسے کیے، یوم تشکر اور جشن فتح کی کیک کاٹے جا رہے ہیں۔ کراچی سے خیبر، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ہر جگہ سارا پاکستان اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتا نظر آرہا ہے۔ دنیا کے ہر کونے میں موجود اوورسیز پاکستانی بہت عرصے بعد ناصرف متحد نظر آئے بلکہ انتہائی فخر سے دنیا کو بتاتے نظر آئے کہ ہم پاکستانی ہیں وہ بہادر پاکستانی جنہوں نے دشمن کے مزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ و ناکام کر دیا۔
ناقابل تسخیر افواج پاکستان کی بدولت پاکستان صرف جنوبی ایشیا ہی نہیں دنیا کی سب سے مضبوط طاقت بن کر ابھرا ہے۔
جس ریسٹورنٹ، کیفے، شاپ پر دیکھیں افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کیلئے 30سے 50فیصد ڈسکاؤنٹ کے ویلکم بینر لگے ہوئے ہوئے ہیں، پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے فوجیوں کے بچوں کیلئے فری ایجوکیشن کے بورڈ لگادیے۔ معمولی ٹھیلے، کھوکھے سے لیکر مارٹ اور میگامالز ہر جگہ افواج پاکستان کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تاجروں اور عوام کا کہنا تھا کہ آج ہم جس فخر اور تحفظ کے ساتھ زندگی انجوائے کررہے ہیں اس کا تمام تر کریڈٹ افواج پاکستان کو جاتا ہے جنہوں نے ہرمشکل گھڑی میں ہمارا تحفظ کیا۔ اس لیے ہم عوام اپنی خوشی اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر افواج پاکستان کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ آفر کر رہے ہیں۔
دنیا میں چوتھے نمبر پر ملٹری فورسز اور دفاع کیلئے سب سے زیادہ 88ارب ڈالر سالانہ بجٹ استعمال کرنے والے ملک بھارت کو صرف ساڑھے سات ارب ڈالر بجٹ کے ساتھ چالیسویں نمبر پر کم ترین بجٹ رکھنے والے پاکستان نے ایسی عبرت ناک شکست دی کی دنیا بھر کے تمام جنگی ماہرین تعریف کیے بن نہ رہ سکے۔
بھارت نے اسرائیل کے سب سے طاقتور اور جدید ترین جنگی ڈرونز کا استعمال کیا جسے افواج پاکستان نے فضاء میں ہی تباہ و برباد کردیا جبکہ کچھ ڈرونز کو حفاظت کے ساتھ فوجی تحویل میں لے لیا۔ جنگی جہازوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل فرانس کے تیارکردہ دنیا کے مہنگے ترین اور سب سے خطرناک جنگی طیارے رافیل کو فضاء میں مار گرانے کے کارنامے نے دنیا بھر کو حیران و پریشان کردیا کیونکہ یہ تاریخ کا پہلا واقع ہے کہ جنگی جہاز رافیل کو مار گرایا۔ افواج پاکستان کے ہاتھوں رافیل کی تباہی سے بین الاقوامی مارکیٹ میں فرانس کی اسلحہ ساز کمپنی کے شئیر گرچکے ہیں۔
دنیا میں جنگی سازو سامان کیلئے بڑی انڈسٹری کے طور پر جانے والے روس کے سب سے پاورفل ائیر ڈیفینس سسٹم S-400کو چند منٹوں میں راخ کے ڈھیر میں بدل کر پاکستان نے نہ صرف دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا بلکہ بھارت کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، بھارت نے امریکہ کے زریعے رحم اورجنگ بندی کے ترلے کرتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی۔
افواج پاکستان کے افسر اور جوان ہمہ وقت وطن عزیز کی سربلندی، دفاع اور استحکام کے لیے اپنی جان ہتھیلی پر لیے پھرتے ہیں، فوجی افسروں اور جوانوں نے ہرمشکل موقع پر وطن عزیز کیلئے جان قربان کرنا اعزاز جانا، ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اگلے مورچوں پر چوکس اور چوکنا افواج پاکستان کی بدولت ہی ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔ نا گہانی صورت حال یا آفت میں فوج ہی حرکت میں آتی ہے اور اس کے جوان دور دراز اور کٹھن راستوں والے علاقوں میں متاثرین کی مدد کو پہنچتے ہیں۔ افواج پاکستان ملک وقوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔ قوم کو ان پر فخر ہے۔ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی مدد اور خدمت کی ہے۔ زلزلہ، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت ومصیبت یا ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا اور کچلنا ہو، افواج پاکستان نے قوم کو کبھی مایوس نہیں کیا۔ کورونا کی وبا، غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سمیت قدرتی آفات سے نمٹنے اور مشکلات کا شکار لوگوں کے لئے امدادی سرگرمیوں میں ان کا فوری بروقت اور موثر کردار نمایاں ہے۔ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے اس کردار کی معترف ہے اور اپنی فوج سے محبت کرتی ہے۔
ملک سلمان
maliksalman2008@gmail.com

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.