#کالم

"امام زین العابدین علیہ السلام”(واقعہ کربلا سے پہلے سماجی ، اخلاقی اور سیاسی کردار)ایک تحقیقی جائزہ

new desinggfgfgf

از قلم : سید ارشد علی نقوی
امام علی ابن حسین ابن علی ابن ابی طالب علیھم السلام جنہیں تاریخ میں سید الساجدین، زین العابدین ، سجاد ، عابد، ذوالثفنات کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، مکتب اہل بیت کے چوتھے امام اور واقعہ کربلا کے چشم دید زندہ گواہ ہیں۔ کربلا دنیا کا واحد میدان کارزارِ تھا کہ جہاں مرنا آسان اور زندہ رہنا مشکل تھا۔ عصر عاشور جب امام حسین علیہ السلام زندگی اوڑھ کر سو گئے تو یہ علی ابن الحسین علیہ السلام ہی تھے جنہوں نے موت کی وادی سے زندگی کو آشکار کیا۔
آپ کی ولادت 5 شعبان 38 ہجری بمطابق 659 عیسوی کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔
آپ کا تعلق بانی اسلام اور کائنات کے معزز ترین گھرانے سے ہے۔ والد ماجد سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ہیں جب کہ والدہ ماجدہ شہربانو ہیں جو ایران کے بادشاہ یزدگرد سوم کی بیٹی تھیں۔ یہ نسبت آپ کو عرب و عجم دونوں کی بہترین خصوصیات کا حامل بناتی ہے اور اسی وجہ سے آپ کو "ابن الخیرتین” (دو بہترین کے بیٹے) کا لقب بھی دیا گیا۔
اس تحریر میں ہم امام زین العابدین علیہ السلام کی واقعہ کربلا سے پہلے کی زندگی اور اس عرصے میں آپ کے ذاتی، سماجی، اخلاقی اور سیاسی کردار کا ذکر کریں گے تاکہ اس عظیم ہادی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کر سکیں۔
ولادت، خاندانی پس منظر اور ابتدائی ایام
امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت 5 شعبان 38 ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ بعض مؤرخین کے مطابق آپ کی ولادت 15 جمادی الاول 38 ہجری کو بھی بیان کی گئی ہے۔ آپ کی ولادت امیر المؤمنین علیہ السلام کی شہادت سے دو سال قبل ہوئی۔
آپ کا نسب نامہ کائنات کا اشرف، ارفع، مقدس اور اعلیٰ ترین نسب نامہ ہے: علی بن حسین بن علی بن ابی طالب بن عبد المطلب بن ہاشم۔
آپ کی کنیت ابو محمد یا ابو عبداللہ تھی۔
آپ کی والدہ شہربانو ایران کے بادشاہ یزدگرد سوم کی بیٹی تھیں جب مسلمانوں نے ایران فتح کیا تو یزدگرد کی دو بیٹیاں شہربانو اور گہن بانو قیدی بنائی گئیں۔ امیر المؤمنین علیہ السلام نے ان دونوں کو آزاد کیا اور شہربانو کو حضرت امام حسین علیہ السلام کے نکاح میں دیا۔
جناب شہربانو ایک نیک اور پرہیزگار خاتون تھیں۔ ایک مرتبہ ایک کنیز نے ان پر ترس کھایا کہ شہزادی ہونے کے باوجود امام حسین علیہ السلام کے گھر میں رہ رہی ہیں تو جناب شہربانو نے جواب دیا: "تم ایسا کبھی نہ کہو کیونکہ تم نہیں جانتے کہ میں کہاں تھی اور اب کہاں ہوں۔ میں جہنم کی آگ میں تھی اور جنت میں آگئی۔ میں آگ پرستوں کے گھر سے نکل کر ایک اللہ کے بندوں کے گھر آگئی”۔
جناب شہر بانو امام زین العابدینؑ کی پیدائش کے چند دن بعد ہی وفات پاگئی تھیں۔
امام زین العابدین علیہ السلام کی پرورش ایک ایسے گھرانے میں ہوئی جو علم و حکمت، تقویٰ اور شجاعت کا مرکز تھا۔ آپ نے اپنی زندگی کے ابتدائی دو سال اپنے جد امجد امیر المؤمنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی آغوش میں گزارے۔ اس کے بعد بارہ سال تک آپ نے اپنے چچا امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی سرپرستی میں پلے بڑھے اور تقریباً 23 سال تک اپنے والد بزرگوار امام حسین علیہ السلام کے ساتھ رہے۔
ان تمام ادوار میں آپ نے اہل بیت رسول اللہ کے علمی اور روحانی چشمہ ربانی سے سیراب ہوتے رہے۔
زمانے کے اعتبار سے عمومی تقسیم کے مطابق آپ کا شمار تابعین یعنی صحابہ کرام کے بعد آنے والی نسل میں ہوتا ہے۔
واقعہ کربلا سے پہلے ذاتی اور اخلاقی کردار کی اک جھلک یوں ہے:
عبادت و تقویٰ اور روحانی زندگی
امام علی ابن الحسین علیہ السلام کو زین العابدین یعنی عبادت گزاروں کی زینت، سید الساجدین یعنی سجدہ گزاروں کے سردار اور عابد و سجاد کے لقب انتہائے عبادت و بندگی اور کثرت سجدہ کی وجہ سے ملے یوں کہیئے کہ آپ کی زندگی عبادت، دعا اور مناجات میں گزری۔ آپ جب وضو کے لیے بیٹھتے تو آپ کے چہرے کا رنگ بدل جاتا اور جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو آپ کا جسم لرزتا تھا جب اس کی وجہ پوچھی جاتی تو آپ فرماتے: "کیا تم نہیں جانتے کہ میں کس کے سامنے کھڑا ہوں اور کس سے گفتگو کر رہا ہوں؟”
آپ کی عبادت کا یہ عالم تھا کہ آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ نماز، روزہ اور دعا میں گزارا۔ آپ کی یہ عبادت محض رسمی نہیں تھی بلکہ روحانی تعلق اور عشق الٰہی کا حقیقی مظہر تھی۔
اخلاقی اقدار اور کردار :
امام زین العابدین علیہ السلام اپنے اجداد کی طرح بلند اخلاق کے مالک تھے۔ آپ کے اخلاقی کردار کی چند جھلکیاں بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں:
حلم و بردباری : ایک مرتبہ ایک شخص نے مجمع عام میں آپ کی شان میں ناروا کلمات کہے اور چلا گیا۔ امام علیہ السلام نے چند لوگوں کی ہمراہی میں اس کی طرف جانے کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:
"تم لوگ ہمارے ساتھ چلو تاکہ ہمارا طرزِ عمل اور بدلہ بھی دیکھو … آپ علیہ السلام اس کے پاس پہنچے اور فرمایا، اے عبد خدا تو اگر مسافر ہے تو میں تمہیں مکان اور اگر مظلوم ہے تو امان دیتا ہوں، اگر غریب ہے تو مال دیتا ہوں، اگر مقروض ہے تو تیرا قرض ادا کر دیتا ہوں۔ وہ شخص اپنے کردار پر نادم ہوتے ہوئے آپ سے معافی مانگنے لگا۔ اس واقعہ سے آپ کے حلم اور بردباری کا اندازہ ہوتا ہے کہ آپ نے بدلہ لینے کے بجائے اس شخص کی اصلاح اور اسے دین اسلام کی اخلاقیات سمجھانے کی کوشش فرمائی۔
تواضع اور انکساری : آپ نہایت منکسر المزاج اور علم دوست تھے۔ علمی نشستوں کو پسند فرماتے، ایک مرتبہ کسی نے آپ کے زید بن اسلم کے حلقۂ درس میں جانے پر اعتراض کیا تو آپ نے فرمایا: "آدمی وہیں بیٹھتا ہے جہاں اسے فائدہ ہونے کا امکان ہو۔ علم کی ہر جگہ تلاش کی جانی چاہیے چاہے وہ کہیں بھی ہو” اور حدیث مبارکہ میں ہے کہ علم و حکمت مومن کی میراث ہے اسے حاصل کرو چاہے کسی یہودی کے پاس ہی کیوں نہ ہو ۔
تقویٰ اور پرہیزگاری: مؤرخین و محدثین کا کہنا ہے کہ انہوں نے آپ کے تقویٰ اور پرہیزگاری میں کسی کو بھی آپ کا ہمسر نہیں پایا۔
غم و اندوہ: اگرچہ یہ غم کربلا کے بعد زیادہ شدت اختیار کر گیا، لیکن اس سے پہلے بھی آپ کی طبیعت میں نرمی اور رقت پائی جاتی تھی، یعنی آپ اپنے جد پیغمبر اسلام صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث "الحزن رفیقی” حزن و ملال میرا ساتھی ہے، کے مصداق تھے ۔
علمی مقام کی تو کیا بات کی جائے کہ آپ مدینۃ العلم کے وارث اور باب مدینۃ العلم کے فرزند تھے اسی لئے آپ اپنے زمانے کے ممتاز ترین علماء میں شمار ہوتے تھے۔ آپ نے قرآن، حدیث اور فقہ میں نہایت بلند مقام حاصل کیا۔ آپ کے علمی مقام کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ کے پاس علم حاصل کرنے کے لیے دور دور سے لوگ آتے تھے اور آپ کی شاگردی اختیار کرتے تھے۔
آپ کی علمی خدمات میں "صحیفہ سجادیہ” خاص اہمیت رکھتی ہے جسے "زبور آل محمد” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ کتاب دعاؤں اور مناجاتوں کا ایک شاہکار مجموعہ ہے جو نہ صرف عبادت بلکہ عقائد، اخلاقیات اور معاشرتی مسائل کے حل اور تربیت و تعلیم کا ہدایت نامہ ہے۔ اسی طرح "رسالہ حقوق” بھی آپ کی ایک اہم تصنیف ہے جس میں مختلف حقوق (خدا کے حقوق، انسانوں کے حقوق، وغیرہ) کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
واقعہ کربلا سے پہلے سماجی کردار
معاشرتی ذمہ داریاں اور غریبوں کی دستگیری:
معاشرتی پہلو سے آپ کی سیرت کا مطالعہ واضح کرتا ہے کہ امام زین العابدین علیہ السلام ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے تھے۔ آپ غریبوں، مسکینوں اور محتاجوں کی خصوصی طور اور خصوصی انداز میں مدد فرماتے تھے۔
محمد بن اسحاق روایت کرتے ہیں: "مدینہ کے بہت سے غریب شہری امام علی بن حسین علیہ السلام کی سخاوت اور فیاضی سے استفادہ کیا کرتے تھے”۔
آپ علیہ السلام کی سخاوت کا یہ عالم تھا کہ اگر آپ کو کسی نیک شخص کے بارے میں معلوم ہوتا کہ وہ اپنا قرض ادا نہیں کر سکتا تو آپ اس کا قرض خود ادا فرما دیتے۔ ایک مرتبہ آپ نے محمد بن اسامہ بن زید کا 15 ہزار دینار کا قرض ادا کیا۔
سماجی اقدار کی ترویج : امام علیہ السلام نے سماجی اقدار کی ترویج کے لیے دعاؤں اور مناجاتوں کو ایک موثر ذریعے کے طور پر استعمال فرمایا۔ آپ کی دعائیں صرف عبادت تک محدود نہیں تھیں بلکہ ان میں سماجی شعور، اخلاقیات اور معاشرتی ذمہ داریوں کی تعلیم بھی شامل تھی۔
اسلامی معاشرتی بنیادوں کا احیاء:
آپ نے "رسالہ حقوق” کے ذریعے ایک مکمل سماجی نظام فراہم کیا جس میں فرد کے اپنے خالق، اپنے نفس، دوسرے انسانوں اور معاشرے کے حوالے سے تمام حقوق کو تفصیل سے بیان کیا گیا۔
(رسالۃ الحقوق اور اسلامی معاشرے کی تشکیل ایک الگ موضوع ہے جس پر یہاں بات کرنا طوالت کا باعث ہوگا)
علمی اور تربیتی کردار :
کربلا سے پہلے بھی امام علیہ السلام نے علمی اور تربیتی حلقے قائم کیے تھے۔ اگرچہ یہ کردار کربلا کے بعد زیادہ نمایاں ہوا، لیکن اس سے پہلے بھی آپ اپنے شاگردوں کی تربیت فرماتے تھے۔ سانحہ کربلا سے پہلے امام حسین علیہ السلام کی باشرف و بافضیلت موجودگی کی وجہ سے اگرچہ آپ نے الگ سے کوئی نظام تشکیل نہیں دیا کیوں کہ اس سلسلہ عصمت کے سب ہی کردار الہی نظام ہدایت کے پروردہ اور پرچارک تھے تاہم آپ نے اپنے فرزند محمد باقر کی تربیت اس انداز سے کی کہ کمسنی میں ہی کربلا کی ناقابلِ برداشت مصیبتوں میں ان کا کردار راضی با رضائے الہٰی کا آئینہ دار رہا پس کہا جا سکتا ہے کہ قبل از کربلا آپ کے فرزند امام محمد باقر علیہ السلام آپ کے نمایاں شاگردوں میں شامل ہیں۔
واقعہ کربلا سے پہلےآپ کے سیاسی کردار پر نظر کی جائے تو یہ اہل بیت رسول صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کی سیاسی روایت کا تسلسل نظر آتا ہے ۔
امام زین العابدین علیہ السلام ایک ایسے خاندان میں پلے بڑھے جو سیاست اور حکومت کے معاملات میں ہمیشہ سرگرم عمل رہا بلکہ یہ کہنا مناسب ہوگا کہ آپ کے باعظمت خاندان کی شمولیت ہی معاشرے کے سیاسی عمل کے لئے اسلامی سیاسی عمل کہلانے کی سند ہے۔ عمومی اعتبار سے دیکھیں تو آپ کے جد امجد امیر المؤمنین علیہ السلام خلیفہ وقت تھے، آپ کے چچا امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے خلافت سنبھالی اور آپ کے والد امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور ان ادوار میں اہل بیت رسول نے اسلامی سیاست کے ان بنیادی اصولوں کو واضح کیا جو اس سے پہلے آشکار نہ تھے مثلاً
امام علی علیہ السلام کی سیرت نے واضح کیا کہ اگر مسلمان معاشرے میں کوئی گروہ اسلامی حکومت کے خلاف بغاوت کرے تو اسلام کی فکری، نظری اور عملی تعلیمات کن ذمہ داریوں کا تعین کرتی ہیں ۔
امام حسن علیہ السلام کی سیرت نے بتلایا کہ اگر اسلامی حکومت کے خلاف بغاوت ہو اور اسلام کا وجود ہی خطرے میں پڑ جائے تو حکومت کی بجائے اسلامی اقدار کو بچانے کی خاطر اقتدار کی قربانی دے کر دین الٰہی کو بچایا جائے ۔
امام حسین علیہ السلام کی سیرت نے روشن کیا کہ اگر اسلام کے لبادے میں غیر اسلامی فرد دین کی جڑوں کو بیخ و بن سے اکھاڑنے پر اتر آئے تو اسلام کی پالیسی کیا ہے اور آپ علیہ السلام نے اپنے کردار سے تاقیامت اسلامی پالیسی واضح فرما دی کہ :
چڑھ جائے کٹ کے سر تیرا نیزے کی نوک پر
لیکن یزیدیوں کی بیعت نہ کر قبول
اس پس منظر میں امام زین العابدین علیہ السلام نے اپنے والد کے سیاسی موقف کو سمجھا اور نہ صرف اس کی حمایت کی بلکہ کوفہ و شام میں اپنے کردار سے اسلام کے مردہ جسم کو زندگی کی روانی عطا کرتے ہوئے یزیدیت کو تاقیامت دفن کر دیا۔
اگرچہ آپ نے کربلا کی جنگ میں براہ راست حصہ نہیں لیا، لیکن آپ کا سیاسی کردار اس جنگ سے کہیں زیادہ وسیع، اہم اور جاندار تھا۔
ظلم و جبر کے خلاف موقف :
امام علیہ السلام نے ہمیشہ ظلم و جبر کے خلاف موقف اختیار کیا۔ آپ نے کسی بھی ظالم حکمران کی تائید نہیں کی اور نہ ہی کبھی کسی جابر کی بیعت کی۔ یہ بھی آپ کا سیاسی موقف ہی تھا کہ آپ نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ آپ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانا چھوڑ دیا۔
آپ "امر بالمعروف اور نہی عن المنکر” کو ایک اہم فریضہ سمجھتے تھے اور اسے کبھی ترک نہیں فرمایا۔
کربلا کی طرف سفر اور سیاسی بصیرت :
جب امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کر کے مدینہ سے مکہ اور مکہ سے کوفہ کی طرف سفر کا فیصلہ کیا تو امام زین العابدین علیہ السلام اپنے والد کے ہمراہ تھے۔
یہ سفر محض ایک جغرافیائی حرکت نہیں تھا بلکہ ایک عظیم سیاسی ، نظریاتی اور اصلاحی تحریک کا آغاز تھا۔ امام زین العابدین علیہ السلام نے اپنے والد کے اس فیصلے کو اپنایا اور پورے سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ آپ کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اپنے والد کے سیاسی موقف سے مکمل طور پر متفق تھے فقط یہی نہیں بلکہ اس تحریک سے استفادہ کرتے ہوئے آپ نے آئندہ کا سیاسی بیانیہ اور لائحہ عمل وضع فرمایا ۔
کربلا میں آمد اور بیماری :
دین اسلام کی تعلیمات سے روشناس افراد جانتے ہیں کہ انسانی معاشرے کے لئے اللّٰہ پاک کا عطا کردہ اور پسندیدہ دین اسلام ہے۔ شیطانی و طاغوتی طاقتوں سے اس کے دفاع و بقا کی خاطر انسانی معاشرے میں افراد متعین اور تیار کرنا بھی اللّٰہ کی مشیت کا حصہ ہے اور واقعہ کربلا کا مشیت ایزدی سے گہرا تعلق ہے۔
امام زین العابدین علیہ السلام 2 محرم الحرام 61 ہجری کو کربلا پہنچے۔ کربلا پہنچتے ہی یا اس سے پہلے آپ بیمار ہو گئے۔ یہ بیماری اس قدر شدید تھی کہ آپ جنگ میں حصہ نہیں لے سکتے تھے ۔ اس موقع پر امام حسین علیہ السلام نے آپ کو جنگ سے الگ رکھنے کا حکم دیا حالانکہ آپ اس میں شریک ہونے کے خواہش مند تھے۔ یہ فیصلہ محض ایک انسانی احساس کے زیر اثر نہ تھا بلکہ یہ مشیت ایزدی اور ایک حکمت عملی تھی تاکہ اہل بیت رسول صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے نسل رسول اور ہدایت الہی کا سلسلہ تاقیامت جاری رہے اور کربلا کے پیغام کو آئندہ نسلوں تک پہنچایا جا سکے۔
سیاسی اہمیت کا ادراک :
امام زین العابدین علیہ السلام کی بیماری اور جنگ سے الگ رہنے کا واقعہ سیاسی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل تھا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ:
آپ کی زندگی کا تحفظ اہل بیتؑ کے مشن کے تسلسل کے لیے ضروری تھا.
آپ کو ایک زندہ گواہ کے طور پر بچایا گیا تاکہ کربلا کے اصل اہداف کو دنیا تک پہنچایا جا سکے
یہ ایک الہی منصوبہ تھا جس کے تحت امامت کا سلسلہ آپ کے ذریعے جاری رکھا گیا
واقعہ کربلا سے پہلے آپ کی شخصیت کے دیگر پہلو :
عبادت گزار امام :
اگرچہ الٰہی نظام ہدایت کے سب ہی آئمہ ہر وصف میں کمال رکھتے ہیں تاہم کوئی ایک وصف بھی ان کی ذات کے سبب کمال کی منزل پاتا ہوا نظر آتا ہے ۔
آپ کی سب سے نمایاں خصوصیت آپ کی عبادت اور بندگی تھی۔ آپ کو "زین العابدین” اس لیے کہا جاتا ہے کہ آپ عبادت گزاروں کے لیے زینت تھے۔ آپ کی یہ عبادت محض ذاتی نہیں تھی بلکہ اس کے ذریعے آپ معاشرے کو راہ راست دکھاتے تھے۔ رسولِ اعظم صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ جب روز محشر بپا ہو گا تو اک منادی اہل محشر میں ندا دے گا کہ کہاں ہے عبادت گزاروں کی زینت؟ کہاں ہے سجدہ گزاروں کا سید و سردار؟
تو ایسے میں میرا بیٹا علی ابن الحسین لبیک اللھم لبیک کہتے ہوئے وارد محشر ہوگا۔
حلم اور بردباری کے پیکر :
آپ کی شخصیت حلم اور بردباری کا ایک مکمل نمونہ تھی۔ آپ نے اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی نرمی اور درگزر کا برتاؤ کیا۔ آپ کا یہ کردار آپ کے والد اور دیگر اہل بیت کی تربیت و تعلیمات کا عکاس تھا۔
سخاوت اور فیاضی :
آپ کی سخاوت کوئی رسمی یا ظاہری نہیں تھی بلکہ یہ آپ کے دل کی گہرائیوں اور روح کی پہنائیوں سے ادا کیا جانے والا عمل تھا۔ آپ خفیہ طور پر غریبوں کی مدد فرماتے تھے تاکہ کسی کو شرمندگی نہ اٹھانی پڑے۔
علمی کمالات :
آپ کا علمی مقام نہایت بلند تھا۔ آپ نے نہ صرف خود علم حاصل کیا بلکہ دوسروں کو بھی اس سے فیض یاب کیا۔ آپ کی دعائیں اور مناجاتیں آپ کے علمی کمالات کا آئینہ دار ہیں۔
اب کربلا سے پہلے کے دور کا تاریخی اور سیاسی پس منظر میں جائزہ لیتے ہیں ۔
امام حسین علیہ السلام کی تحریک اور اس میں امام سجادؑ کا مقام :
جب امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور اصلاح امت کے لیے قیام کا فیصلہ کیا تو امام زین العابدین علیہ السلام اس تحریک کے ایک اہم ستون تھے۔ آپ نے اپنے والد کے فیصلے کو نہ صرف قبول کیا بلکہ اس میں عملی طور پر شریک بھی ہوئے۔
اگرچہ آپ نے کربلا میں تلوار نہیں اٹھائی، لیکن آپ کا اخلاقی، روحانی اور سیاسی کردار اس تحریک کی کامیابی کے لیے نہایت اہم تھا۔
بنو امیہ کی حکومت اور امام کا موقف :
بنو امیہ کی حکومت جبر، ظلم اور اسلامی اقدار سے دوری کا نمونہ تھی۔ امام زین العابدین علیہ السلام نے اس حکومت کے خلاف اپنے موقف کو کبھی نہیں چھپایا۔ آپ نے کبھی بھی کسی اموی حکمران کی بیعت نہیں کی اور نہ ہی کبھی ان کی تائید کی۔
آپ کا یہ موقف آپ کے سیاسی کردار کا ایک اہم پہلو تھا جس نے بعد میں آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال قائم کی۔
نتیجہ :
امام زین العابدین علیہ السلام کی واقعہ کربلا سے پہلے کی زندگی ہر لحاظ سے ایک مثالی اور قابل تقلید زندگی تھی۔ آپ کی شخصیت کے جتنے بھی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے، ہر پہلو میں آپ ایک مکمل٫ متوازن اور باکمال انسان کے طور پر نظر آتے ہیں:
ذاتی کردار: آپ عبادت، زہد، تقویٰ اور روحانیت کا ایک روشن مینار تھے۔ آپ کی عبادت محض رسمی نہیں تھی بلکہ روحانی تعلق اور عشق الٰہی کا مظہر تھی۔ آپ کا لقب "سجاد” اور "زین العابدین” آپ کی اس خصوصیت کا آئینہ دار ہے۔
اخلاقی کردار: آپ حلم، بردباری، تواضع، سخاوت اور ایثار کا ایک مکمل نمونہ تھے۔ آپ نے اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی نرمی اور درگزر کا برتاؤ کیا اور غریبوں اور مسکینوں کی ہر ممکن مدد فرمائی۔
سماجی کردار: آپ نے معاشرے میں اخلاقی اقدار کی ترویج، غریبوں کی دستگیری اور علمی و تربیتی میدان میں فہم اسلام کی نشستیں قائم کر کے اسلام کے ایک مثالی ذمہ دار شہری کا کردار ادا کیا۔ آپ کی دعائیں اور مناجاتیں صرف عبادت نہیں تھیں بلکہ ان کے ذریعے آپ نے سماجی شعور اور معاشرتی ذمہ داریوں کی تعلیم دی۔
سیاسی کردار : آپ نے اپنے والد امام حسین علیہ السلام کے سیاسی موقف کو سمجھا اور اس کی حمایت کی۔ آپ نے کسی ظالم حکمران کی تائید نہیں کی اور نہ ہی کبھی کسی جابر کی بیعت کی۔ آپ کا کربلا میں موجود ہونا اور بیمار ہونے کے باوجود اپنے والد کا ساتھ دینا آپ کے سیاسی کردار کا ایک اہم پہلو ہے۔
واقعہ کربلا نے امام زین العابدین علیہ السلام کی شخصیت کو ایک نئی جہت عطا کی، لیکن اس سے پہلے ہی آپ کی شخصیت کے تمام پہلو اپنے کمال پر تھے۔ آپ نے ایک ایسی زندگی گزاری جو ہر مسلمان کے لیے ایک مکمل نمونہ ہے۔ آپ کی تعلیمات، جو صحیفہ سجادیہ اور رسالہ حقوق کی شکل میں ہمارے پاس محفوظ ہیں، آج بھی ہماری رہنمائی کرتی ہیں اور قیامت تک رہنمائی کرتی رہیں گی۔
امام زین العابدین علیہ السلام نے ثابت کیا کہ ایک مسلمان اپنے ذاتی، اخلاقی، سماجی اور سیاسی کردار میں کیسے متوازن اور مکمل ہو سکتا ہے۔ آپ کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ عبادت ، سیاست، اخلاق اور معاشرت، سب کو ایک ساتھ ملا کر ایک کامیاب اور باکمال زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے