عوام نے متفقہ فیصلہ سنایا ہے کہ بھارت کو مودی نہیں چاہئے: راہول گاندھی

42
کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہےکہ انتخابی نتائج سےمودی جی کو عوام کا بڑا پیغام ملا ہے کہ ہمیں مودی نہیں چاہیے۔

بھارت میں لوک سبھا انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے دوران کانگریس جماعت کے رہنما راہول گاندھی نے کانگریس ہیڈکوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ چناؤ ہم نے بھارت کے پورے گورننس سسٹم کے خلاف لڑا ہے، ہماری لڑائی بھارت کے آئین کو بچانے کی تھی، حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں کیں، نئی دلی کے وزیراعلیٰ کو جیل میں ڈالا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ ہم نے یہ الیکشن صرف بی جے پی کے خلاف نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری کے خلاف لڑا، خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نےپارٹیاں توڑیں، وزرائے اعلیٰ کو جیلوں میں ڈالا اور ہر ہتھکنڈا استعمال کیا لیکن کانگریس رہنماؤں نے متحد ہوکر حکومت کے خلاف انتخاب لڑا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ انتخابی نتائج سےمودی جی کو عوام کا بڑا پیغام ملا ہے کہ ہمیں مودی نہیں چاہیے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت کو بچانے کا کام غریب لوگوں، مزدوروں اور کسانوں نے کیا ہے، بھارت کے کمزور لوگ بھارتی آئین کو بچانے کے لیے کھڑے ہوئے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ آج کے نتائج عوام کے نتائج ہیں اور عوام کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ یہ انتخابات مودی بمقابلہ عوام ہے، یہ نتائج حکمران جماعت کی بہت بڑی ہار ہیں، یہ نتائج مودی جی کی شکست ہیں اور یہ نتائج بھارت کی جمہوریت کی فتح ہیں۔

کانگریس کے صدر نے کہا کہ ابھی ہماری لڑائی انجام تک نہیں پہنچی، ابھی ہمیں لڑتے رہنا ہے، عوام کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.