شمالی کوریا نے مزید کچرے سے بھرے غبارے جنوبی کوریا بھیج دیے

50
شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا میں کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، شمالی کوریا نے مزید 600 غبارے جنوبی کوریا بھیج دئیے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں سڑکوں پر کوڑا بکھرا دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے، انتظامیہ نے متاثرہ مقامات پر فوج اور کیمیائی اور بائیولوجیکل تفتیشی ٹیمیں بھی تعینات کردیں۔

غباروں میں سگریٹ کے ٹکڑے، کپڑا اور پلاسٹک ملا ہے، شمالی کوریا کا کہنا ہے یہ اقدام جنوبی کوریا کی کارروائیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 1950 کی دہائی میں کوریائی جنگ کے بعد سے شمالی اور جنوبی کوریا دونوں اپنی پروپیگنڈا مہموں میں غبارے کا استعمال کرتے آئے ہیں۔

1953 میں جنگ کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین کوئی امن معاہدہ نہیں ہوا لہذا تکنیکی طور پر دونوں ملک ابھی تک حالت جنگ میں ہیں۔

ماضی میں بھی شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی طرف غبارے چھوڑے ہیں جن میں جنوبی کوریا کے رہنماؤں کے خلاف مواد شامل تھا۔ 2016 میں بھیجے گئے غباروں میں مبینہ طور پر ٹوائلٹ پیپر، سگریٹ کے ٹکرے اور کوڑا کرکٹ شامل تھے۔ سیول پولیس نے اسے ’خطرناک بائیو کیمیکل مواد‘ قرار دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.