افغانستان میں کشتی ڈوبنے سے بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق

24
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں دریا عبور کرنے کے دوران کشتی ڈوبنے سے بچوں سمیت 20 افراد ڈوب گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ ننگرہار کے محکمہ اطلاعات کے سربراہ قریشی بدلون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ ہفتے کی صبح 7 بجے مشرقی ننگرہار کے ضلع مومند درہ کے باسول علاقے میں دریا میں ایک کشتی ڈوب گئی، جس میں خواتین اور بچے سوار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ افراد بچ گئے جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ننگرہار کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کہا کہ حکام نے علاقے میں میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس بھیجی ہیں۔

صوبائی حکام نے بتایا کہ کم از کم پانچ افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں جارہی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق خراب حالت میں کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے رہائشی اکثر دریا عبور کرتے ہیں، جبکہ قریب میں کوئی پل نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.