2024 میں سیاحت کے لیے بہترین ممالک کی فہرست جاری

27
دنیا میں 200 کے قریب ممالک موجود ہیں اور بظاہر یہ فہرست مرتب کرنا لگ بھگ ناممکن ہے کہ کونسے مقامات سب سے زیادہ خوبصورت ہیں۔

ہر ملک کسی نہ کسی انداز سے منفرد ہے، تعمیرات کا انداز، رنگا رنگ مقامات، تاریخ اور صدیوں پرانی روایات سب کسی ملک کو دیگر سے الگ کرتے ہیں۔

تاہم اگر آپ دنیا کی سیاحت کرنا چاہتے ہیں ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے 2024 میں سیاحت کے لیے بہترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔

اس فہرست میں انفرا اسٹرکچر، قدرتی وسائل، اور ماحول دوست پالیسیوں سمیت دیگر متعدد پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا۔

اس فہرست میں 2024 کے لیے امریکا کو سیاحت کے لیے بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق امریکا میں سیاحتی مارکیٹ کے لیے انفرا اسٹرکچر بہت اچھا ہے اور وہاں سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہیں۔

امریکا میں نیشنل پارکس، بڑے شہر، ساحل، برفانی اور پہاڑی مقامات کے باعث سیاحوں کو بہت کچھ دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

اس فہرست میں سیاحت کے لیے اسپین کو دوسرا بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

تیسرے نمبر پر جاپان موجود ہے جو کہ ٹاپ 5 میں شامل واحد ایشیائی ملک بھی ہے۔

فرانس کے حصے میں چوتھا جبکہ آسٹریلیا کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔

جرمنی چھٹے، برطانیہ 7 ویں، چین 8 ویں، اٹلی 9 ویں جبکہ سوئٹزر لینڈ 10 ویں نمبر پر رہا۔

تبصرے بند ہیں.