یوکرینی صدر کو قتل کرنے کی سازش ناکام ، 2 کرنل گرفتار

47
یوکرین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ولودومیر زیلینسکی کو قتل کرنے کی سازش ناکام بنادی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے سیکیورٹی ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 2 فوجی افسران کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے صدر زیلینسکی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو قتل کرنے کا مبینہ طور پر منصوبہ بنایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق یوکرین کی سیکیورٹی سروسز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے ذریعے چلائے جانے والے ایجنٹوں کے نیٹ ورک کو پکڑ لیا گیا ہے جن کا مقصد صدر زیلینسکی اور دیگر سینئر یوکرینی سیاسی اور فوجی اہلکاروں کو قتل کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام کی سیکیورٹی پر مامور یوکرین کے اسٹیٹ گارڈ کے 2 کرنل عہدے کے افسران کو روس کے منصوبے پر عمل کرنے کے لیے غداری کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں افسران کو فروری 2022ء میں شروع ہونے والی جنگ سے پہلے بھرتی کیا گیا تھا۔

یوکرین کی سیکیورٹی سروسز کا بیان میں کہنا ہے کہ ان دونوں افسران کو صدر کے سیکیورٹی گارڈز کے قریب کسی ایسے شخص کو ڈھونڈنے کا کام سونپا گیا تھا جو صدر زیلینسکی کو یرغمال بنائے اور بعد میں انہیں قتل کردے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مبینہ سازش کب ناکام بنائی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.