2 فوجی ہیلی کاپٹرز سمندر میں گر کر تباہ، متعدد افراد لاپتا

24
2 جاپانی فوجی ہیلی کاپٹرز سمندر میں ممکنہ طور پر ٹکرا کر گر گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 7 افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتہ کو پیش آیا اور حادثے کے بعد ایک شخص کو ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم بعد میں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی تھی۔

جاپانی وزیر دفاع منورو کیہارا نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے سمندر میں طیارے کا حصہ دیکھا اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو ئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن ہم سب سے پہلے جانیں بچانے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹرز رات کے وقت آبدوزوں سے مقابلہ کرنے کی مشقیں کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت نے فلائٹ ریکارڈرز کو بازیافت کرلیا اور وہ ان دونوں ہیلی کاپٹرز کے درمیان تصادم کے امکان سمیت حادثے کی وجہ کا تعین کر رہی ہے۔

براڈکاسٹر این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ بظاہر یہ ہیلی کاپٹر پیسیفک میں ایزو جزائر پر رات کے وقت تربیت کے دوران گر کر تباہ ہو گئے۔

این ایچ کے کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر سے رات 10 بج کر 38 منٹ پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور ایک منٹ بعد اس طیارے سے ہنگامی سگنل موصول ہوا تھا۔

تقریباً 25 منٹ بعد فوج نے نشاندہی کی کہ اسی علاقے میں موجود دوسرے طیارے سے بھی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2023 میں بھی ایک جاپانی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.