افغانستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی

64
افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت 20 صوبوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے 33 افراد کی جانیں لے لیں۔

افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق دارالحکومت کابل سمیت افغانستان کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مختلف حادثات میں اب تک 33 افراد جاں بحق ہو چکے جبکہ 27 افراد زخمی ہیں۔

ترجمان افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ پچھلے 3 دنوں سے ہونے والی بارشوں میں زیادہ تر اموات چھتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔

افغان حکام کا یہ بھی بتانا ہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث تقریباً 600 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ اور 200 سے زائد مویشی ہلاک ہوگئے، اس کے علاوہ تقریباً 85 کلو میٹر سڑکیں بہہ گئیں اور تقریباً 2 ہزار ایکٹر زرعی اراضی تباہ ہو گئی۔

دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے افغانستان میں آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.